بھارتی فالس فلیگ آپریشن بے نقاب


پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی پیشہ وارانہ مہارت اور غیر معمولی صلاحیت پوری دنیا میں تسلیم شدہ ہے۔ ماضی میں مختلف مواقع پر ہماری انٹیلی جنس ایجنسیوں نے جس عمدہ کارکردگی اور بے مثال کردار کا مظاہرہ کیا اسے ہر سطح پر سراہا گیا۔ ہمیں روزِ اول سے ہی جس ہمسائے سے واسطہ پڑا ہے وہ انتہائی مکار، شاطر اور پاکستان کی سلامتی کے خلاف ہمہ وقت سازشوں میں لگا رہتا ہے اور پاکستان کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا، چنانچہ اسے اس کی سازشوں میں ناکام بنانے کے لیے ہماری ایجنسیوں کو بھی چوکنا اور ہوشیار رہنا پڑتا ہے۔ حال ہی میں بھارت نے پاکستان کے خلاف جو سازشی منصوبے بنائے انھیں ہماری انٹیلی ایجنسیوں نے بروقت بے نقاب کر دیا اور اب بھارت کا ایک اور فالس فلیگ آپریشن بھی طشت ازبام کیا گیا ہے۔ منصوبے کے مطابق، مودی سرکار پلوامہ حملے کی چوتھی برسی پر اسی طرز کا ایک اور ڈراما رچانے جا رہی ہے، یعنی 14 فروری کو مقبوضہ کشمیر کے جنوبی اضلاع میں بارود سے لیس دھماکہ خیز گاڑی کے ذریعے کسی نوجوان سے خودکش حملہ کروا کر الزام پاکستان اور آئی ایس آئی پر تھوپے جانے کا پلان بنایا گیا تاہم پاکستان کی خفیہ ایجنسیوں نے مذکورہ منصوبے کو بے نقاب کر دیا۔ درحقیقت بھارت میں عام انتخابات کا وقت قریب آ رہا ہے۔ بھارت کی 9 ریاستوں میں اس سال انتخابات ہونا ہیں جو 2024ء کے بھارتی لوک سبھا انتخابات میں فیصلہ کن اہمیت کے حامل ہیں اور مودی سرکار فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے پاکستان مخالف جذبات ابھار کر الیکشن جیتنا چاہتی ہے خواہ اس مقصد کے لیے اسے اپنے ہی فوجی کیوں نہ مروانا پڑیں۔ مودی سرکار نے اقتدار پر اپنی گرفت مضبوط رکھنے اور آئندہ بھی اس منصب پر برقرار رہنے کے لیے یہ ڈراما تیار کیا لیکن پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے اسے افشا کر کے اس غبارے سے ہوا نکال دی۔ چنانچہ بھارتی اداروں کے لیے اب اپنے تیار کردہ سکرپٹ کے مطابق عمل کرنا ممکن نہیں رہا۔ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ بھارت کے ایسے تمام منصوبوں کے بارے میں عالمی برادری کو بھی تمام شواہد کے ساتھ آگاہ کرتی رہے تاکہ دنیا اس بات سے مسلسل باخبر ہو کہ بھارت کس طرح سے خطے میں امن و سلامتی کو تباہ کرنے کی کوششیں کررہا ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن