حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت)تحریک ختم نبوت کے مرکزی رہنما،ممتاز عالم دین مولانا سید محمد شاہ قریشی نقشبندی سجادہ نشین مسکین پور شریف نے کہا ہے کہ تاریخ اسلام شاہد ہے کہ جب تک اُمت مسلمہ قرآن مجید کی روشنی میں اپنے درست ترجیحات کا تعین کرتی رہی، مسلم حکمرانی کا دائرہ حجاز مقدس سے نکل کر یورپ تک پہنچ چکا تھا ۔ ان خیالات کا اظہار الخالد قر آن انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام جامع مسجد قدیم میں تکمیل قر آن کورس سے خطاب کے دوران کر رہے تھے۔ تقریب میں مولانا عبدالحنان صدیقی، سابق ایم پی اے ڈاکٹر مظفر علی شیخ، مولونا عبد الولی، قاری لیاق، مولانا شبیر کھٹانہ، مفتی محمد وقاص خالد و دیگر نے بھی شرکت کی۔ مولانا سید محمد شاہ قریشی نقشبندی نے کہاکہ جب سے اُمت مسلمہ تعلیمات اسلامی کو بالائے طاق رکھ کر اپنے نفسانی خواہشات کے مطابق ترجیحات کا تعین کرنے لگی تب سے اسکا زوال شروع ہوا ، ہم آج قرآن مجید کے احکامات کی کھلی خلاف وزری کر رہے ہیں ۔آج ہمارے تعلیمی ادارے، شفا خانے، عدالتیں تجارتی مراکز میں تبدیل ہوگئے ،انہوں نے کہا ابتر حالات اس بات کا تقاضہ کرتے ہیں کہ مومن اپنی قدر و قیمت سمجھیں اور عملی طور پر تبلیغ اسلام کا فریضہ انجام دیں ۔