پاکستان پر امن اور بقائے باہمی خارجہ پالیسی پر یقین رکھتا ہے:وزیاعلیٰ سندھ


کراچی (کامرس رپورٹر) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ انتہا پسندی، دہشت گردی، منظم گروہوں کی سرگرمیاں، قزاق اور غربت دنیا کے امن کیلئے خطرہ ہیں۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں قدرتی آفات،ماحولیاتی انحطاط،اور قوم پرست ایجنڈوں پر مبنی بین ریاستی دشمنیوں کا روایتی خطرہ، اخلاقی اصولوں سے عاری اور انصاف بہت بڑے چیلنجز ہیں۔یہ بات انہوں نے اتوار کو وزیراعلیٰ ہاﺅس میں امن مشق 2023 کے غیر ملکی مندوبین/شرکا کے سربراہوں سے اجتماعی ملاقات کے دوراں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وزیراطلاعات شرجیل میمن، وزیر محنت سعید غنی، وزیر بلدیات ناصر شاہ، مشیر قانون مرتضی وہاب، چیف سیکریٹری سہیل راجپوت، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، معاون خصوصی قاسم نوید اور وفد کے سربراہ کمانڈر محمد ناصر اقبال موجود تھے۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاکہ پاکستان پرامن اور بقائے باہمی خارجہ پالیسی میں یقین رکھتا ہے اور اسلام ہمیں سکھاتا ہے کہ دنیا میں انسانوں کے لئے پرامن ماحول قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ درحقیقت لفظ "اسلام" کا مطلب عربی زبان میں امن ہے اور اللہ تعالی نے ہمارے دین کے لیے اسلام کا لفظ چنا جو ہمارے حضور ﷺ کے ذریعے بھیجا۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ خطرات بشمول انتہا پسندی کا مقابلہ کرکے ہی امن قائم کیا جاسکتا ہے اور پاکستان پرامن اور بقائے باہمی خارجہ پالیسی میں یقین رکھتا ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اس دور میں امن کو لاحق خطرات میں کئی گنا اضافہ نہیں ہوا بلکہ اس کی نوعیت اور کردار میں تبدیلی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید دور میں انتہا پسندی، دہشت گردی، منظم گروہوں کی سرگرمیاں، بحری قزاق اور غربت دنیا کے امن کیلئے خطرہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ککہ موسمیاتی تبدیلیوں، ماحولیاتی انحطاط، اخلاقی اصولوں اور انصاف سے عاری قوم پرست ایجنڈوں پر مبنی بین ریاستی دشمنیوں کے روایتی خطرے کے نتیجے میں قدرتی آفات میں اضافہ بھی خطرات اور چیلنجز کی ایک شکل ہے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ جدید دور میں خطرات کی بدلتی ہوئی نوعیت کے باعث کسی ایک قوم کے لیے ایسے خطرات کا مقابلہ کرنا ممکن نہیں رہا۔لہذا، اس کے لیے تمام ممالک کے تعاون خاص طور پر بین الاقوامی سمندری علاقوں میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن مشق نے ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کیا جہاں بڑی تعداد میں 47 ممالک کی بحری افواج نے اجتماعی طور پر ان خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا جو نسل انسانی اور اس کے ماحول کے لیے خطرہ ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ امن مشق حکومت پاکستان کا ایک اقدام ہے جس کی قیادت پاک بحریہ کر رہی ہے جس کا مقصد سمندری میدان میں جدید دور کے خطرات سے نمٹنے کے لیے دنیا کی تمام بحری افواج کے تعاون کو بڑھانا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان بالخصوص سندھ کی خواتین کو سلام پیش کرتا ہوں۔ یہ بات انہوں نے خواتین کے قومی دن کے موقع پر وزیراعلی ہاﺅس سے جاری اپنے پیغام میں کہی۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آج کے دن دور آمریت میں پاکستان کی خواتین نے جمہوریت کے جدوجہد کی، اور مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو اور دختر مشرق شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت کی بحالی کی تحریک کی قیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے ہمیشہ خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت خواتین کو معاشی طور پر مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ

ای پیپر دی نیشن