لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ 8کا آغاز آج سے ملتان میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے ہوگا۔ ملتان سٹیڈیم میں تزئین و آرائش کا کام مکمل کرلیا گیا،سٹینڈز کی صفائی ستھرائی ہوچکی،پچز بھی تیار ہیں،روایتی طور پر پچ سپن کیلئے سازگار رہنے کا امکان ہے، سکیورٹی انتظامات کا پلان بھی تیار ہو چکا، قانون نافذ کرنے اداروں کے تقریبا 8ہزار اہلکار مختلف مقامات پر خدمات سرانجام دیں گے۔افتتاحی تقریب کو جدید ٹیکنالوجی سے منفرد اور یادگار بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق افتتاحی تقریب میں اے آر اور وی آر ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائیگا، افتتاحی تقریب میں جدید ٹیکنالوجی پاکستان میں پہلی مرتبہ استعمال ہوگی۔ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز میں میچ کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔پاکستان سپرلیگ کا آفیشل ترانہ جاری کردیا گیا، جس کا عنوان سب ستارے ہمارے رکھا گیا ہے جو روشن رہیں گے ، گانا جاری ہوتے ہی سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ کر رہا ہے۔آفیشل ترانے کی موسیقی میں شائے گل، عاصم اظہر اور فارس شفیع نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔ویڈیو 3 منٹ 20 سیکنڈ پر مشتمل ہے، جس کا آغاز پی ایس ایل کی ٹیموں کے پرچم تھامے گھڑ سواروں کی دوڑ سے ہوتا ہے اور یوں سنائی دیتا ہے کہ برق رفتار گھوڑوں کے دوڑنے کی آواز آرہی ہو۔موسیقی کی مختلف اقسام سے گیت کو مزید دلچسپ بنایا گیا ہے۔پی ایس ایل کے آفیشل ترانے میں لاہور قلندرز کے چمپیئن کپتان شاہین شاہ آفریدی،
ملتان سلطانز کے فاسٹ باؤلر شاہنواز دھانی، کپتان محمد رضوان، کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم، اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کے علاوہ حارث رؤف اور دیگر سٹارز بھی جلوہ گر ہیں۔پی ایس ایل 8 کی ٹرافی بھی ویڈیو کے اختتامی لمحات میں دکھائی گئی ہے۔افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز میں زور کا جوڑ پڑے گا۔ 6 ٹیمیں چمچماتی ٹرافی کیلئے جان لڑائیں گی ،لاہور قلندرز اعزاز کا دفاع کریں گے، میچ رات ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔افتتاحی تقریب ملتان میں ہوگی، موسیقی کا تڑکا لگے گا، آتش بازی کا بھی شاندار مظاہرہ ہوگا۔افتتاحی میچ سے قبل لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز نے ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں بھرپور ٹریننگ کی، پریکٹس سیشن میں دونوں ٹیموں کے کوچز کی جانب سے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کے مختلف تکنیک اور فٹنس لیول پر توجہ دی گئی۔محمد رضوان اور حارث رؤف نے بھی سکواڈز کو جوائن کر لیا، قلندرز پہلے ہی میچ میں دھمال ڈالنے کیلئے تیار ہیں، شاہین آفریدی اور حارث روف کی نیٹس میں تیز رفتار بائولنگ نے مخالفین کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کا ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں آخری ٹریننگ سیشن ہوا ۔کھلاڑیوں نے نیٹ پریکٹس اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں ۔
پاکستان سپرلیگ،رنگارنگ افتتاحی تقریب آج،موسیقی، آتش بازی کا مظاہرہ ہوگا
Feb 13, 2023