ہارلے سٹریٹ پارک کھیل کے میدان میںتبدیل ، ٹوٹے جھولے رہ گئے 

راولپنڈی(محبوب صابر/جنرل رپورٹر) کنٹو نمنٹ بورڈ چکلالہ کے علاقے ہارلے سٹریٹ میں واقع پارک کھیل کے میدان میں تبدیل ہو گیا، دو ٹوٹے جھولے رہ گئے، صفائی نہ ہونے سے جا بجا گند بکھرا ہوا ہے، رپورٹ کے مطابق ہارلے سٹریٹ میں پارک بنایا گیا جہاں پر خوبصورت پودے لگائے گئے، مختلف قسم کے جھولے اور بیٹھنے کیلئے بنچ نصب کئے گئے لیکن مناسب دیکھ بھال نہ ہونے سے پھولوں کے پودے اور کیاریاں ختم ہوگئیں،جھولے اوربنچ بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئے، اب اس وقت پارک میں صرف دو جھولے بچے ہوئے جو ٹوٹ چکے ہیں،  جھولے اور پودے نہ ہونے سے یہ پارک کھیل کے میدان میں تبدیل ہو گیا ہے، اردگرد کے علاقوں کے نوجوان اور بچے کرکٹ کھیلتے نظر آتے ہیں جنہوں نے پارک میں کھیلنے کیلئے مخصوص جگہیں منتخب کر رکھی ہیں، ایک وقت میں درجنوں نوجوان کھیل رہے ہوتے ہیں، پارک کا مرکزی گیٹ بھی ٹوٹ چکا ہے، ایک جنگلہ رہ گیا ہے جس ایک حصہ موجود ہی نہیں ہے، جیسے ہی پارک میں داخل ہوں ہر طرف گند پڑا نظر آتا ہے ایسے معلوم ہو تا ہے کہ یہاں کبھی کسی صفائی نہیں کی، پانی کیلئے نصب کیا گیا نلکا بھی غائب ہو چکا ہے، پارک میں کرکٹ کھیلنے والے نوجوانوں نے بتایا کہ یہاں کینٹ کے علاقے میں کھیلنے کیلئے کوئی سرکاری گراؤنڈ نہیں ہے اس لئے یہاں پر کھیلتے ہیں، گراؤنڈ نہ ہونے سے نہ جانے کتنے بچے اور نوجوان گلیوں میں کھیلتے ہیں، ہم لوگ کھیلنے کیلئے کہاں جائیں، ہماری ارباب اختیار سے اپیل ہے کہ کینٹ کے علاقوں میں بھی گراؤنڈ ہونے چاہیں۔

ای پیپر دی نیشن