لاہور(سپورٹس ڈیسک )ریال میڈرڈ نے فیفا کلب ورلڈکپ کا ٹائٹل ریکارڈ پانچویں مرتبہ جیت لیا۔ فائنل میں سعودی کلب الہلال کو تین کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دی۔ ونی جونیئر، فیڈریکو کے دو دو، کریم بینزیما نے ایک گول کیا۔مراکش کے شہر رباط میں فیفا کلب ورلڈکپ کے فائنل میں سعودی کلب الہلال اور ریال میڈرڈ کے درمیان ہائی سکورنگ میچ ہوا۔سپینش کلب شروع سے ہی چھایا رہا۔ ونی جونیئر نے 13ویں منٹ میں پہلا گول کیا، پانچ منٹ بعد فیڈریکو نے برتری دوگنی کردی۔ 26ویں منٹ میں موسیٰ نے الہلال کا پہلا گول کرکے اْمید دلائی۔ پہلا ہاف دو ایک کے سکور پر ختم ہوا۔دوسرا ہاف شروع ہوا تو پانچ منٹ میں کریم بینزیما اور فیڈریکو نے گول کردیے۔الہلال کے لوسیانو نے پانچ منٹ بعد گول کر کے خسارہ کچھ کم کیا۔ ونی جونیئر نے 6 منٹ بعد ایک اور گول کرکے 2-5 کردیا۔لوسیانو نے 79ویں منٹ میں سعودی کلب کی جانب سے تیسرا گول کیا۔تاہم مقررہ وقت کے اختتام پر سکور 3-5 رہا جس کے ساتھ ریال میڈرڈ نے ایشین چیمپئن الہلال کلب کو شکست دے کر ریکارڈ پانچویں مرتبہ فیفا کلب ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
ریال میڈرڈ نے فیفا کلب ورلڈکپ ٹائٹل ریکارڈ پانچویں مرتبہ جیت لیا
Feb 13, 2023