کراچی (کامرس رپورٹر )روٹری کلب کہکشاں نے المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے زیرانتظام چلنے والا ’’المصطفیٰ مائی ہوم ‘‘میں زیر تعلیم وتربیت شہزادوں کیلئے عشائیہ کا اہتمام کیا۔تقریب کی صدارت المصطفیٰ کے سرپرست اعلیٰ سابق وفاقی وزیرپیٹرولیم ڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب نے کی ۔شرکاء میں روٹری کلب کہکشاں کے صدرمصطفیٰ معین خان،حنیف عابد،صاحبزادہ سیدفاروق شاہ ہمدانی،ادریس عبدالغفار،ملک عبدالغفارسعیدی،قاضی نورالسلام شمس،للطیف بابر، مولانارؤف سعیدی،نوراللہ خان، عقیل خان ودیگرشامل تھے۔ روٹری کے سابق ڈسٹرکٹ گورنر انجینئرمحمداقبال قریشی نے کہاکہ پاکستان سے پولیو کے خاتمہ کیلئے المصطفیٰ نے جو روٹری کلب انٹرنیشنل کے ساتھ تعاون کیاہے ہم اُس کے بے حد شکر گزارہیں اورہم نے جہاں جہاں جس جس صوبے اورضلع میں کہاکہ وہاں حاجی حنیف طیب ہمارے ساتھ گئے، بالخصوص بعض حلقوں کی طرف سے منفی فتوے بازی کا رجحان تھا اس کے خاتمہ کیلئے حاجی حنیف طیب نے کلیدی کرداراداکیا ۔المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی ملک کے مختلف صوبوں اورضلعوں میں قائم ہے تو ہمیں ہر جگہ المصطفیٰ کی طرف سے سہولت ہوتی ہے ہمارے موجودہ اورماضی کے روٹری کلب انٹرنیشنل کے تین صدُورپاکستان آچکے ہیں اورہر ایک نے حاجی حنیف طیب کو ان کے خدمات کے اعتراف کے طورپر ملاقات کی اورانہیں اعترافی شیلڈ دی، ان شاء اللہ المصطفیٰ اورروٹری کا تعاون جاری وساری رہیگا ،بالخصوص یہ المصطفیٰ مائی ہوم کے شہزادوں کی خدمت کرکے دلی خوشی ہوتی ہے ،آئندہ بھی خدمت کاسلسلہ جاری رہیگا ۔حاجی حنیف طیب نے کہاکہ ملک کو وباء سے بچانا ہمارے فرائض میں شامل ہے ہم اُس کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے تمام پاکستانیوں کوسمجھنا چاہیے کہ 57اسلامی ممالک سے 55ملکوں نے اسی قطروں سے پولیوسے نجات حاصل کرچکے ہیں اب پاکستان اورافغانستان کو بھی اس سلسلے میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔