وفاقی وزیر خارجہ اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جب بھی آئین توڑا گیا نقصان ملک کا ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہدائے جمہوریت کی یاد میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے تحت ملک چلے گا تو ہر کسی کو حق ملے گا اور ملک ترقی کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے ایسا آئین دیا جس میں تمام شہریوں، مزدوروں، صحافیوں سب کا تحفظ کیا گیا لیکن جب بھی آئین توڑا گیا نقصان ملک کا ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ موقع ہے کہ پاکستان کی نئی نسل کو سمجھائیں کہ کس طریقے سے آئین کے ذریعے انہیں حق دیا جارہا ہے ۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آئین سے پہلے لوگوں کے پاس ووٹ کا حق نہیں تھا صرف امیروں کو ہی ووٹ کا حق تھا لیکن آئین کے بعد طاقتور آدمی مجبور ہوا کہ وہ عام آدمی کے پاس جائے، قائد ایوان اس طرح ایک انقلاب لے کر آئے ۔ان کا کہنا تھا کہ اگر آج تک ملک چل رہا ہے تو وہ اس آئین کی وجہ سے ہے لیکن آج ہم ایک امتحان سے گزر رہے ہیں جس میں کامیابی سے ملک کی کامیابی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ عمران خان کے دور میں جمہوریت کو نقصان ہوا ، سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالا گیا ، اس وقت سارا آئین اور نظام خطرے میں تھا ۔انہوں نے کہا کہ یہ کہتے ہیں دہشتگردوں سے بات کرسکتے ہیں جبکہ یہ پارلیمان میں اپنے ساتھیوں سے بات نہیں کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ غیر جمہوری اقدام کی صورت میں پیپلزپارٹی خاموش نہیں بیٹھے گی، پیپلزپارٹی تمام جماعتوں سے رابطے کیلئے تیار ہے کیونکہ معاشرے کو چلانے کے لئے سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔چیئرمین پی پی نے اعلان کیا کہ تمام جماعتوں سےرابطےکیلئےکمیٹی تشکیل دیں گے. ایک ایجنڈے پر سب کومتحد ہونا پڑے گا. فیصلہ کرناچاہیے.سیاسی میدان میں سب رہ سکتے ہیں اور اچھے فیصلوں سے ملک اورعوام کا فائدہ ہوگا۔