دیا مر بھاشا ڈیم کی شیڈول کے مطابق تکمیل محفوظ اور ساز گار ماحول سے براہِ راست وابستہ ہے:رانا ثناء اللہ 

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے زیر تعمیر دیا مر بھاشا ڈیم کا دورہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ سائٹ پر تعمیراتی کام اور سکیورٹی کے مجموعی اقدامات کا جائزہ لیا۔وفاقی وزیر داخلہ کو پراجیکٹ حکام کی جانب سے سکیورٹی امور پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ دیا مر بھاشا ڈیم کی تکمیل 2029ء میں شیڈول ہے.دیا مر بھاشا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت 8.1 ملین ایکڑ فٹ ہوگی جبکہ دیامر بھاشا ڈیم کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4 ہزار 500 میگاواٹ ہے۔وزیر داخلہ نے بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زیر تعمیر دیا مر بھاشا ڈیم قومی ترقی کے لئے اہم منصوبہ ہے اور دیا مر بھاشا ڈیم کی شیڈول کے مطابق تکمیل محفوظ اور ساز گار ماحول سے براہِ راست وابستہ ہے۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ پراجیکٹ ایریا میں جامع اور مربوط سکیورٹی پلان پر عملدرآمد بہت ضروری ہے۔اس موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیئرمین واپڈا اور نیکٹاکے نیشنل کوآرڈی نیٹر، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز اور آئی جیز، پراجیکٹ حکام اور واپڈا کے سینئر آفیسرز بھی موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن