خواہش ہے باکسنگ میں اولمپک چمپئن بنوں:جیاد حسین

Feb 13, 2024

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پشاورکے نوجوان باکسر جیاد حسین نے کہا ہے کہ خواہش ہے کہ نیشنل چمپئن ٹائٹل کیساتھ ساتھ باکسنگ میں اولمپک چمپئن بنوں۔ پاکستان کے بہترین کوچ افضل خان کی نگرانی سپورٹس بورڈ باکسنگ اکیڈمی میں ٹریننگ حاصل کر رہا ہوں۔ پاکستان کے سبز پرچم کی بہترین نمائندگی کروں گا۔باکسنگ کھیل سے بے حد لگائوہے اور اس میں منفرد مقام بنانے کی خواہش ہے۔ یہی وجہ ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر ٹریننگ کیلئے قیوم سٹیڈیم میں واقع باکسنگ اکیڈمی میں آرہاہوں۔ اللہ کے فضل سے فیصل آباد میں منعقدہ نیشنل باکسنگ چمپئن شپ میں انڈر17کے51کلوگرام ویٹ کٹیگری فائٹ میں سلورمیڈل حاصل کر کے کم ترین بیسٹ فائٹر بنا اور اسی بنیاد پر دبئی کے انٹر نیشنل باکسنگ ایونٹ کیلئے سلیکٹ کیاگیا۔جیادحسین نے کہاکہ خواہش ہے اپنے کیرئیر میں مزید کامیابی حاصل کر کے اپنے والدین اور باکسنگ کو پسند کرنے والوںکے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر سکیں۔انہوںنے کہاکہ حکومت کوچاہیئے کہ وہ کھیلوں کے فروغ میں اہم اقدامات کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کرے تاکہ خیبر پی کے کے کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی لیول پر میڈل حاصل کرے۔ صوبائی محکمہ کھیل نے انڈر21گیمز کے میڈل ہولڈرزسمیت مختلف سطح کے مقابلوں میں پرفارمنس دکھانے والے خیبر پی کے کے کھلاڑیوںکوسکالر شپ اور کیش انعامات دینے کا اعلان کیاتھالیکن کسی نے اس اعلان کو سنجیدگی سے نہیں لیااور کئی سال تک کھلاڑی سکالرشپ سے محروم ہیں۔ حکومتی سرپرستی نہ ملنے کی وجہ سے کھلاڑی مایوس ہیں۔نوجوان باکسر جیاد حسین کے والد عابد حسین کے مطابق جیاد حسین رنگ میں جتنا طاقتور اور جارح مزاج نظر آتا ہے عام زندگی میں اتنا ہی ملنسار اور فرمانبردار بیٹا ہے، وہ خواہش رکھتے ہیں کہ ان کا بیٹا پاکستان کیلئے کامیابیاں سمیٹے اور ملک  کا نام روشن کرے۔

مزیدخبریں