اسلام آباد+ میانوالی (خبر نگار خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) مردان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع مردان میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا تو فائرنگ کا تبادلہ ہو گیا۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ گولا بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ ہلاک دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ قبول خیل چیک پوسٹ پر رات گئے دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا۔ دس سے 12 دہشت گردوں نے جدید اسلحہ سے حملہ کیا جسے میانوالی پولیس کے جوانوں نے ڈی پی او مطیع اللہ نوانی کی قیادت میں دہشت گردوں کے حملہ کو ناکام بنا دیا۔ دہشت گردوں نے جدید اسلحہ سے حملہ کیا۔ دستی بموں اور راکٹ لانچر کا استعمال کیا۔ ڈی پی او میانوالی مطیع اللہ نوانی رات گئے قبول خیل چیک پوسٹ پہنچ گئے اور دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دیا۔ آر پی او شارق کمال صدیقی جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے چیک پوسٹ پہنچ گئے۔ اس موقع پر آر پی او شارق کمال نے جوانوں سے خطاب میں کہا کہ مجھے میانوالی پولیس پر فخر ہے۔ اس موقع پر قبول خیل چیک پوسٹ پر تعینات پولیس کے جوانوں ایس ایچ او عیسیٰ خیل بلال خان، ڈی ایس پی تحصیل عیسیٰ خیل اقبال خان اور ڈی پی او مطیع اللہ نوانی کو تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔ اس موقع پر کانسٹیبل عبدالستار کو خاص طور پر آر پی او شارق کمال نے داد دی اور حوصلہ افزائی کی۔
مردان میں جھڑپ، 2دہشت گرد ہلاک: میانوالی، چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام
Feb 13, 2024