اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف نے عام انتخابات میں ملک میں بھاری اکثریت سے جیت کے بعد مرکز، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں حکومت سازی کے حوالے سے حکمت عملی طے کرنے کے لیے خصوصی کمیٹیاں قائم کر دی ہیں۔یہ فیصلہ پیر کو پارٹی کور کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔شرکا نے کمیٹیوں کی تجویز کردہ سفارشات اور حکمت عملی کی روشنی میں اہم سرکاری اور پارلیمانی عہدوں کے لیے نامزدگی کے عمل کو جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔کور کمیٹی تحریک انصاف نے 8 فروری کو اپنی ووٹ کی طاقت کے ذریعے سیاسی و جمہوری پختگی کا سکہ منوانے پر پاکستان کی عوام کو سراہا۔پی ٹی آئی کور کمیٹی نے کہا کہ عوامِ پاکستان نے اپنے ووٹ کے ذریعے بانی چیئرمین عمران خان کو حب الوطنی کا بیمثال سرٹیفکیٹ دیتے ہوئے ان کی جماعت کو واضح اکثریت سے نوازا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر پاکستان کو مجرموں کے حوالے کرنے کی غیرجمہوری، غیرقانونی، غیر سیاسی اور غیراخلاقی کوششوں کی ہر سطح پر بھرپور مزاحمت کریں گے۔شرکا کا کہنا تھا کہ عوام کے مینڈیٹ کی کھلی توہین کرتے ہوئے مسترد شدہ گروہوں کے مابین اقتدار کی شرمناک بندر بانٹ عوام کی رائے اور فیصلے کو جوتے کی نوک پر رکھنے کے مترادف ہے۔پی ٹی آئی کور کمیٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جمہوریت کے بہیمانہ قتل اور عوام کے ووٹ کی حرمت پامال کرنے والوں کا پارلیمان کے اندر اور باہر ہر جگہ پر تعاقب کریں گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جس بیرحمی سے عوام کے مینڈیٹ کی توہین کی جارہی ہے اس پر ملک کے اندر ہی سے نہیں بلکہ پوری دنیا سے آوازیں بلند ہورہی ہیں۔فورم نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ قومی سطح کی سیاسی جماعتیں بشمول جماعت اسلامی انتخابی ادارے کے مجرمانہ کردار اور انتخابات کی شفافیت کے فقدان پر سنگین سوالات اٹھا رہی ہیں۔پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے مجرمانہ کردار، اس کی مذموم جانبداریت اور انتخابات کی عدم شفافیت پر جماعتِ اسلامی سمیت قومی سطح کی جماعتیں سنجیدہ ترین سوالات اٹھا رہی ہیں ،کور کمیٹی کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات کو آلودہ کرنے اور عوام کے شفاف مینڈیٹ کو پامال کرنے جیسا سنگین جرم کرنے والے آر اوز قوم کے مجرم ہیں، ان کا کڑا محاسبہ عوام کریں گے۔