جودھ پور(این این آئی)بھارت کی ریاست راجستھان میں سروہی میونسپل کونسل کے چیئرپرسن مہندر میواڈا اور میونسپل کونسل کے سابق کمشنر مہندر چودھری کے خلاف اجتماعی عصمت دری کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دونوں اہلکاروں پر الزام ہے کہ انہوں نے آنگن واڑی کے نام پر روزگار فراہم کرنے کی آڑ میں 20کے قریب خواتین کی اجتماعی عصمت دری کی ہے۔یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب ضلع پالی کی ایک خاتون نے پولیس سے رابطہ کیا اور کہا کہ ملزمان نے اسے اور تقریبا 20دیگر خواتین کو ملازمت کا لالچ د ے کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔خاتون نے کہا کہ ملزمان نے ان کی ویڈیوبنائی اوربعد میں اس فوٹیج کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کی دھمکی دی اور بلیک میل کر کے پانچ لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔شکایت کنندہ کے مطابق وہ دیگر خواتین کے ساتھ آنگن واڑی میں کام کرنے کے لیے کئی ماہ قبل سروہی گئی تھی۔ ان کا سامنا ملزمان سے ہوا جنہوں نے انہیں رہائش اور کھانا فراہم کیا۔ان کاکہنا تھا کہ انہیں جو کھانا دیا گیا اس میں نشہ آور ادویات موجود تھیں جسے کھانے کے بعد انہیں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔راجستھان ہائی کورٹ نے آٹھ خواتین کی درخواست پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔
بھارتی ریاست راجستھان میں ملازمت دلانے کے بہانے 20خواتین سے اجتماعی زیادتی
Feb 13, 2024