غزہ (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) داخلی طور پر بے گھر ہونے والے فلسطینیوں سے کچھا کھچ بھرے ہوئے رفح شہر پر اسرائیلی حملے کے اعلانات کے تناظر میں اسرائیل نے شہر پر بری، بحری اور فضائی حملے کیے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ اسرائیلی کارروائیوں میں کم سے کم 100 نہتے فلسطینی شہید جبکہ 230 زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ غزہ میں القسام بریگیڈ کے حملے میں 10 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے۔ دوسری جانب مرکز اطلاعات فلسطین نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اطلاع دی ہے کہ شہداء میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے، جبکہ اسرائیل نے رفح کے مختلف علاقوں میں دو مساجد سمیت متعدد گھروں کو نشانہ بنایا ہے۔ ادھر اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ رفح آپریشن میں حماس کے پاس یرغمال دو اسرائیلی قیدیوں کو بھی رہا کروا لیا گیا۔ اقوام متحدہ کے امدادی ادارے یونیسیف نے رفح میں زمینی آپریشن کے اسرائیلی منصوبے کو روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ رفح میں پناہ لیے ہوئے فلسطینی پہلے ہی کئی بار بے گھر ہوچکے ہیں، ان کے پاس رفح سے آگے جانے کی کوئی جگہ نہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا رفح میں حماس کے باقی رہ جانے والے دہشتگردوں کو ختم کریں گے، جو کہہ رہے ہیں رفح میں آپریشن نہ کریں وہ ہمیں جنگ ہارنے کا کہہ رہے ہیں۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق صہیونی فوج کی بڑی ڈویژن کو غزہ سے لبنانی سرحدی علاقے میں منتقل کر دیا گیا۔ اسرائیلی فوج نے سات اکتوبر سے حماس کے بارہ ہزار ارکان شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ الناصر ہسپتال میں اسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ کرکے سات فلسطینی شہید کر دئیے۔ ہالینڈ کی عدالت نے حکومت کو اسرائیل کو ایف 35 لباروی کے پارٹس دینے سے روک دیا۔
100 فلسطینی شہید، 10اسرائیلی فوجی ہلاک: حکومت اسرائیل کو لڑاکا طیاروں کے پرزے نہ دے
Feb 13, 2024