وزارت عظمیٰ کا فیصلہ اتحادیوں کے ساتھ مل کر کریں گے: عطا اللہ تارڑ

لاہور (نوائے وقت رپورٹ)مسلم لیگ ن کے رہنما عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ آج ہم پنجاب میں 150 کے ہندسے تک پہنچ جائیں گے اور سادہ اکثریت حاصل کرلیں گے، شمشیر مزاری اور وسیم قادر نے ہمیں جوائن کیا ہے، آج اور کل کوشش ہوگی مزید ایم این ایز کی جوائننگ کرائی جائے، ایم پی اے کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ دیگر پارٹیوں کے ساتھ ہماری مشاورت چل رہی ہے، ہماری پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے ساتھ مشاورت جاری ہے، کوشش ہوگی وزیراعظم کے امیدوار کیلئے مشاورت سے اعلان کیا جائے، ہم پنجاب اور وفاق میں سنگل لارجسٹ پارٹی بن کر ابھرے ہیں، ہم وفاق میں اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکومت بنائیں گے۔رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ الیکشن والے دن بطور امیدوار 100 پولنگ سٹیشنز پر گیا ہوں، میرے حلقے میں کہیں پتا نہیں ٹوٹا، کہیں لڑائی اور جھگڑا نہیں ہوا، انتطامیہ اور الیکشن کمیشن نے اپنا کردارغیر جانبداری سے ادا کیا، دھاندلی کا تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے یہ نامناسب اور غلط ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر کے پی میں آپ کے امیدوار جیت گئے تو وہاں دھاندلی نہیں ہوئی، اگر پنجاب اور سندھ میں آپ کے امیدوار ہار گئے تو کیا ادھر دھاندلی ہوئی ہے؟ شفاف، غیر جانبدار انتخابات ہوئے ہیں، پنجاب میں ہماری حکومت قائم ہوچکی ہے، سادہ اکثریت حاصل ہوگئی ہے۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ آپ خیبرپختونخوا میں جشن منائیں ہمیں پنجاب میں جشن منانے دیں، جھوٹے الزامات اور بہتان کی سیاست قائم نہ کریں گے، ہم پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں، ہم پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں، یہ ایک عظیم ملک بنے گا، تمام مسائل حل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار آج کہاں ہیں؟ اس صوبے کے ساتھ کیا کھلواڑ ہوا، ہماری پنجاب میں حکومت آچکی ہے، صوبے اور حلقے میں تعمیرو ترقی کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن