کچھ لوگ کبھی نہیں سیکھتے، مریم نواز کا عمران خان کی اڈیالہ جیل میں کی گئی گفتگو پر ردِعمل

سابق چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے لئے علی امین گنڈا پور کو نامزد کردیا۔اس کے علاوہ بھی انہوں نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے الیکشنز سمیت اپنے سیاسی مخالفین سے متعلق رائے کا بھی اظہار کیا۔اس پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا بھی ردِعمل آیا ہے۔ 

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ کچھ لوگ کبھی نہیں سیکھتے۔مریم نواز نے کہا کہ عمران خان جب مکافات عمل کاشکار ہوئے تو میں نے سوچا کہ مشکلات کا سامنا کرنے کے بعد شاید انھیں اپنا احتساب کرنے کا موقع ملے اور سوچ میں تبدیلی آئے مگر آج عدالت میں انھوں نے جو باتیں کیں اس میں پھر وہی جھوٹ، پھر وہی الزامات اور پھر وہی بہتان شامل تھا۔ خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ وزیراعظم کیلئے ابھی کسی نام پر اتفاق نہیں ہوا اس پر غور کروں گا، کسی بھی اعلیٰ سرکاری عہدے دار سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی، رؤف حسن سے ملاقات میں انہیں 3 جماعتوں کے علاوہ سب کو اکٹھا کرنے کا کہا ہے، میں بنی گالہ شفٹ نہیں ہو رہا، میں تو بشریٰ بی بی کو اڈیالہ بلا رہا ہوں۔ اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالیہ حمزہ نے جیل میں بیٹھ کر ایک لاکھ سے زائد ووٹ لیے، جب رزلٹ رُکنا شروع ہوئے تو یقین ہو گیا پی ٹی آئی جیت گئی ہے، نواز شریف کی پریس کانفرنس ملتوی کرنے پر ہم جان گئے تھے کہ الیکشن جیت گئے ہیں، نواز شریف اور مریم نواز دونوں الیکشن ہارے ہیں، ،یہ جن کو مسلط کر رہے ہیں انہیں عوام نہیں مان رہی۔ قائد پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ چھوٹی موٹی دھاندلی ہوتی تھی،اتنی بڑی دھاندلی ملک کی تاریخ میں نہیں ہوئی، اس لیے ہم سب سے پہلے انتخابی نتائج کو چیلنج کر رہے ہیں، پہلے عدالتوں میں جایں گے چھینی نشستیں واپس لیں گے، انتخابی نتائج کے خلاف سپریم کورٹ بھی جائیں گے، اب پتہ چل گیا کہ ہم آر اوز کے الیکشن کے خلاف کیوں تھے، کہتا رہا کہ آزاد اور شفاف انتخابات واحد حل ہیں، دھاندلی کے خلاف آواز اٹھانے والی تمام جماعتوں کو اکٹھا کر رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن