17 سالہ ٹینس کھلاڑی اسلام آباد میں انتقال کرگئیں

اسلام آباد: کراچی سے تعلق رکھنے والی خاتون ٹینس کھلاڑی اسلام آباد میں فانی دنیا کو خیر باد کہہ گئیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 17 سالہ زینب علی نقوی آئی ٹی ایف جونیئرز ٹورنامنٹ کھیلنے اسلام آباد پہنچی تھیں، جہاں اُن کا انتقال ہوگیا۔ٹینس فیڈریشن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ معروف ٹینس کھلاڑی زینب علی نقوی میچ کھیل کر نہانے گئیں اور دیر ہوجانے پر پھر دروازہ توڑ کر دیکھا گیا تو وہ انتقال کرچکی تھیں۔زینب علی نقوی کراچی اور سندھ کی سطح پر ایونٹس جیت چکی تھیں. ان کا شمار کراچی ریجن کی ٹاپ پلیئرز میں ہوتا تھا۔ٹینس فیڈریشن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ”ایک نوجوان ٹینس کھلاڑی زینب علی نقوی جو آئی ٹی ایف جونیئرز ٹورنامنٹس میں شرکت کے لیے کراچی سے اسلام آباد آئی تھیں، گزشتہ رات 12 فروری 2024ء کو اسلام آباد میں خالق حقیقی سے جا ملیں“۔اعصام الحق قریشی صدر پی ٹی ایف سینیٹر سلیم سیف اللہ خان سابق صدر پی ٹی ایف پی ٹی ایف کونسل کے ممبران اور ٹینس برادری کی بڑی تعداد نے ٹینس کی معروف کھلاڑی کے اچانک انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور دعا کی گئی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ 

ای پیپر دی نیشن