عظمت و فضیلت کی شب برأت

مولانا محمد امجد خان
اللہ تعالی کو اپنے آخری نبی اور محبوب کل جہاں حضرت محمد مصطفی احمد مجتبیٰؐ  کی نسبت سے اس امت سے بڑی محبت ہے اللہ تعالی نے جہاں اس امت کو بہت سے فضائل اورخصائص سے نوازا وہیں پر مکان وزمان کے لحاظ سے بھی پہلی امم پر فضیلت بخشی مثلا پہلی امم کی عبادت کے لئے مخصوص جگہیں تھیں جبکہ اس امت کے لئے پوری زمین کو عبادت گاہ قرار دیا چنانچہ زمین کے ہر پاک حصے پرمسلمان عبادت کر سکتا ہے پہلی امم کے لئے طہارت کاذریعہ صرف پانی تھا جبکہ یہ امت پانی نہ میسر آنے کی صورت میں پاک مٹی سے تیمم کرسکتی ہے اسی طرح زمانے کے لحاظ سے مہینوں میں افضل رمضان المبارک دنوں میں افضل جمعۃ المبارک اور یوم عرفہ راتوں میں افضل لیلۃ القدر،شب برأت اور عرفہ کی رات اور سال کا بہترین عشرہ ماہ ذی الحجہ کے پہلے دس دن اس امت کو عطا فرمائے، جو وقت کے لحاظ سے تو مختصر لیکن ثواب کے لحاظ پہلی امتوں کے نیکوکاروں کی طویل زندگی کی مقبول عبادات سے بڑھ کر ہیں یہ ایسے ہی ہے کی پہلی امم نے منزل تک پہنچنے کے لئے پیدل سفر کیا اور تکالیف برداشت کیں اور ثواب میں بھی پیچھے رہے جبکہ پروردگار نے اس امت کے لئے منزل تک پہنچنے کے لئے عمر کی عدم طوالت کی وجہ سے خصوصی رحم فرما کر آخرت میں ثواب ودرجات کے لحاظ سے بھی سب پر فضیلت بخش دی ،الحمد للہ! شب برات بھی ان اوقات میں سے ایک ہے جس میں امت مسلمہ مختصر سے وقت میں بہت کچھ پروردگار کے در سے حاصل کرسکتی ہے۔
 شعبان کی پندرھویں شب،شب برأت کہلاتی ہے یعنی وہ رات جس میں مخلوق کو گنا ہوں سے بری کر دیا جا تا ہے،پندرہ شعبان کی اس رات کو اللہ تعالی اپنی شان کے مناسب آسمان دنیا پر نزول فرماتے ہیں اور بندوں کو پکار پکارکر نوازا جاتا ہے۔کچھ لوگ اس میں بہت سے خلافِ شریعت امور کو بھی انجام دینا ضروری سمجھتے ہیں، ان دونوں کے درمیان راہِ اعتدال یہ ہے کہ جو فضیلت اس کی بیان کی گئی اس کو تسلیم کیا جائے اورجتنی وارد ہوئی اسی قدر مانی جائے۔شبِ برات سے متعلق بہت ساری حدیثوں کے پیشِ نظر علماء ومحدثین نے اس کی عظمت کا اعتراف کیا ہے اور اس رات کی خصوصی حیثیت کو تسلیم کیا۔چناں چہ علامہ عبدالرؤف مناوی نے امام  ابن تیمیہ کا قو ل نقل کیا ہے کہ قال المجد ابن تیمیۃ لیلۃ نصف شعبان روی فی فضلھا من الاخبار و الاثار مایقتضی لھا مفضلۃ ومن السلف من خصھا بالصلاۃ۔(فتح القدیر)یعنی نصف شعبان کی رات کی فضیلت میں اتنی احادیث اور آثار مرو ی ہیں جن سے معلوم ہوتا کہ اس کو فضیلت حاصل ہے اور بعض سلف نے اس رات کو نماز کے لئے خاص کیا ہے۔
حضرت عائشہ صدیقہ ؓ سے مروی ہے کہ ایک رات انہوں نے رسول اللہ ؐ کو بستر پر نہ پایا تو بہت پریشان ہوئیں اور ڈھونڈتے ہوئے مدینہ منورہ کے قبرستان جنت البقیع کی طرف نکل گئیں،وہاں دیکھا کہ آپ ؐ موجود ہیں استفسار پر آپ ؐنے ارشاد فرمایا کہ بلاشبہ اللہ تعالی شعبان کی درمیانی شب میں آسمان دنیا پر نزول فرماتے ہیں اور بنو کلب (ایک قبیلہ جو عرب کے تمام قبائل میں سب سے زیادہ بکریاں پالتا تھا)کی بکریوں کے بالوں سے زیادہ لوگوں کی مغفرت فرماتا ہے۔(ترمذی)
معارف الحدیث میں حضرت مولانا منظور نعمانی فرماتے ہیں کہ قبیلہ بنو کلب کی 60ہزار بکریاں تھیں اب بکریوں کی تعداد تو لوگوں نے گن لی لیکن انکے بالوں کی تعداد خالق دوجہاں ہی جانتا ہے کہ کتنی ہو سکتی ہے۔ اس سے بھی زیادہ لوگوں کو بخشنا اور پروانہ مغفرت عطاکرنا اس امت پر کریم ذات کا کتنا بڑا احسان ہے۔
حضرت عثمان بن ابی العاصؓ نبی کریم ؐ سے روایت کرتے ہیں کہ آپؐ نے فرمایا جب شعبان کی پندرہویں شب ہوتی ہے تو اللہ تعالی کی طرف سے ایک پکا رنے والا پکارتا ہے کہ کوئی مغفرت کا طالب ہے کہ میں اس کی مغفرت کردوں ہے کوئی پریشان حال کہ اسکی پریشانی دور کروں ہے کوئی مانگنے والا ہے کہ میں اس کوعطا کردوں،ہے کوئی بیمار کے اسے شفاء عطاء کروں ہے کوئی تنگدست کہ اسکی روزی وسیع کروں اس وقت خدا سے جو مانگتا ہے اس کو ملتا ہے سوائے بد کار عورت اور مشرک کے۔(فضائل الأوقات للبیہقی)۔ حضرت عبداللہ بن عمرؓراوی ہیں کہ: حضور نبی کریمؐ نے فرمایا:شعبان کی درمیانی شب اللہ تعالی اپنی مخلوق کی طرف متوجہ ہوتے ہیں اور سوائے کینہ پرور اور خود کشی کرنے والے کے تمام بندوں کو معاف کردیتے ہیں۔(مسند احمد)حضرت عائشہ صدیقہ ؓفرماتی ہیں میں نے اس رات حضور نبی کریمؐ کو طویل سجدہ کرتے ہوئے پایا میں نے کان قریب کیا تو آپ اپنے پروردگار کے حضور یہ دعا مانگ رہے تھے۔۔۔۔۔
اعوذ بعفوک من عقابک واعوذ برضاک من سخطک واعوذبک منک جل وجھک لااحصی ثنائعلیک انت کما اثنیت علی نفسک۔
میں پناہ مانگتا ہوں تیری معافی کے ذریعے تیری پکڑ سے اور تیری رضاء کے ذریعے تیری ناراضگی سے اور پناہ میں آتا ہوں تیری اور حق تو یہ ہے کہ میں تیری تعریف کا حق ادا نہیں کرسکتا۔ایک روایت میں ہے کہ اس رات چار اشخاص کی مغفرت نہیں ہوتی۔ایک وہ شخص جو شراب کا عادی ہو۔دوسرا وہ شخص جو والدین کی نافرمانی کرنے والا ہو۔تیسرا وہ شخص جو قطع رحمی کرنے والا اور ناطہ توڑنے والا ہو۔چوتھا وہ شخص جو (دِل میں)کینہ رکھنے والا ہو اور آپس میں قطع تعلق کرنے والا ہو۔
مذکورہ بالا احادیث میں اس رات میں جو خصوصی معاملہ رحمت او رمعافی کا ہوتا ہے اس کو ذکر کیا گیا اسی طرح یہ بھی بتادیا کہ اس عظیم رات میں اللہ تعالی کی رحمت سے کون کون لوگ اپنے گناہوں اور نافرمانیوں کی وجہ سے محروم رہیں گے۔اس موقع پر ہم ایک نظر ان گناہوں پر ڈالتے ہیں جو اس عظیم رات میں بھی محرومی کا سبب بنتے ہیں۔مختلف احادیث میں ذکر کئے گئے گناہوں کو جمع کریں تو درج ذیل گناہ ہیں جن کے مرتکب افراد مغفرت اور معافی سے محروم رہتے ہیں۔(1)اللہ کے ساتھ شرک کرنے والے۔(2)کینہ رکھنے والا۔(3)کسی انسان کا ناحق قتل کرنے والا۔(4)بدکار عورت۔(5)قطع رحمی کرنے والا۔(6)تہبند،یا پاجامہ،ٹخنوں سے نیچے لٹکانے والا۔(7) والدین کا نافرمان۔(8)شراب نوشی کا عادی(9)کینہ پرور۔کتنی بڑی بدنصیبی ہے کہ اس رات یہ افراد بخشش کے دریا سے محروم رہتے ہیں حالانکہ دیگر بندوں کی بخشش کے فیصلے ہورہے ہیں۔
اس رات نوافل کا اہتمام کرنا چاہیے اور اللہ تعالی کے حضور سچے دل سے توبہ کرنی چاہیے، صلوۃ التسبح کا اہتمام بھی کرنا چاہیے، اکابر سے یہ سلسلہ چلا آرہا ہے درود پاک اور استغفار کی کثرت کرنی چاہیے اور گناہوں کے دلدل سے نکلنے کی بھی صدق دل سے دعا مانگنی چاہیے اور دن کو روزہ رکھنا چاہیے یہ روزہ مستحب ہے۔پیر طریقت حضرت سید نفیس الحسینی شاہ صاحب نوراللہ مر قدہ اکابرین سے ایک عمل منقول فر ماتے ہیں کہ اس رات کو مغرب کی نماز کے بعد سورت یٰسین تین مرتبہ پڑھنی چاہیے پہلی مرتبہ نیک اعمال والی لمبی زندگی کی۔دوسر ی مرتبہ آزمائشوں اور بلاء سے حفاظت۔تیسری مرتبہ اللہ رب العزت کے سوا ء کسی کا مختاج نہ ہو نے کی نیت سے پڑھنی چاہیے اور اس کے بعد اللہ پاک کے حضور دعا کی جائے۔

ای پیپر دی نیشن

فخر آدمیت یا شرم آدمیت 

پس آئینہ خالدہ نازش   لومڑی نے پورے جنگل میں افواہ پھیلا دی کہ جنگل کے بادشاہ شیر نے چھوٹے اور کمزور جانوروں کا شکار نہ ...