احتیاطی تدابیرسے کپاس کی فصل کوامریکن سنڈی سے بچایا جا سکتا ہے:محکمہ زراعت

Jan 13, 2010

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (کامرس رپورٹر) محکمہ زراعت پنجاب نے کپاس کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ آنے والی کپاس کی فصل کو ابتدائی احتیاطی تدابیر اپنا کر امریکن سنڈی کے نقصان سے بچایا جا سکتا ہے۔ زرعی ماہرین کے مطابق امریکن سنڈی کپاس کی گذشتہ فصل کو نقصان پہنچانے کے بعد درجہ حرارت کم ہونے پر زمین میں سرنگ بنا کر سرمائی نیند سو جاتی ہے اور جنوری کے بعد درجہ حرارت بڑھنے پر اس کے پیوپے پروانے بن کر نکل آتے ہیں اور اردگرد کی فصلوں پر انڈے دے کر تعداد میں بڑھنا شروع کر دیتے ہیں۔ زرعی ماہرین نے کاشتکاروں کو مطلع کیا ہے کہ امریکن سنڈی کی یہ ابتدائی نسل کپاس کی مئی، جون اور خاص کر اگیتی فصل پر حملہ کر کے شدید نقصان کا باعث بنتی ہے۔ محکمہ زراعت نے کپاس کے کاشتکاروں کو مشورہ دیا ہے کہ ایسے کھیت جن میں گذشتہ سال کپاس کاشت کی گئی تھی اور کپاس کے بعد گندم یا کوئی اور فصل کاشت نہیں کی جا سکی ان سے کپاس کی چھڑیاں کاٹ کر 31جنوری سے پہلے پہلے کھیت میں ہل چلا دیں تاکہ زمین کے اندر موجود امریکن سنڈی کے سوئے ہوئے پیوپے تلف ہو جائیں۔ کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہل چلانے کےلئے زمین کا وتر ہونا ضروری ہے تاہم خشک زمین میں بھی ہل چلایا جا سکتا ہے۔
مزیدخبریں