لاہور( خبر نگار) لنک روڈ ماڈل ٹاﺅن کے مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر وہ 12سے 15منزلہ پلازوں کو گرارہے ہیںتو رہائشی آبادیوں میں غیر قانونی طور پر لگائے گئے ”ٹاورز“ کو بھی ختم کرائیں اور اس سلسلے میں آپریشن شروع کیا جائے لنک ماڈل ٹاﺅن روڈ کی سٹریٹ نمبر 14کی رہائشی خواتین نے نوائے وقت کے دفتر آکر بتایا کہ ان کی آبادی میں 14ماہ پہلے ایک ہمسائے ملک بلال نے غیر قانونی طورپر ٹاﺅر لگانا شروع کیا اور صرف 5فٹ بنیادیں کھود کر ٹاور لگا دیا محکمہ ماحولیات کو درخواستیں دی گئیں تو ابتدائی طور پر تعمیر سے روکا گیا۔مگر پھر نجانے کیا ہوا کہ تعمیر مکمل کروا دی گئی۔جس پر دوبارہ درخواست دے کر ٹاور سیل کروایا گیا۔جس پر ملک بلال نے عدالت عالیہ میں رٹ دائر کی۔جو ٹی ایم او گلبرگ کے اس بیان پر کہ ملک بلال نے جو این او سی پیش کیا ہے وہ جعلی ہے عدالت عالیہ نے کیس خارج کر دیا۔بعد ازاں ڈی سی او لاہور نے 28دسمبر کو چٹھی بھیجی کہ 7دن میں مسمار کر دیاجائے اگر مسمار نہ کیا گیا تو ضلعی انتظامیہ مسمار کر دے گی۔مگر 15دن گزرنے کے باوجود بھی یہ مسمار نہیں کیا گیا۔