محمد شعیب مرزا کو ادبی خدمات پر نیشنل بک فاونڈیشن نے ”کتاب کا سفیر“ مقرر کر دیا

لاہور (پ ر) ایڈیٹر ”پھول“ و صدر پاکستان چلڈرن میگزین سوسائٹی محمد شعیب مرزا کو کیبنٹ ڈویژن حکومت پاکستان کے تحت قائم ادارے نیشنل بک فاونڈیشن نے ”کتاب کا سفیر“ مقرر کیا ہے۔ ان کو یہ اعزاز ان کی ادبی خدمات اور فروغ مطالعہ کے لئے کی گئی کوششوں کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔ کتاب کے سفیر کا تقرر نامہ معروف ادیب و منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل بک فاونڈیشن مظہر الاسلام نے اسلام آباد میں دیا۔ این بی ایف کے تحت ملک کی جن اہم شخصیات کو کتاب کا سفیر مقرر کیا گیا ہے ان میں افتخار عارف، منشا یاد، مستنصر حسین تارڑ، شبنم شکیل، احمد عقیل روبی، پروین قادر آغا، سینٹر مولا بخش چانڈیو، ایم این اے روبینہ قائم خاکوانی، ریما خان، بشریٰ انصاریٰ، فرح حسین وغیرہ شامل ہیں۔ محمد شعیب مرزا بطور ادیب اور ایڈیٹر نیشنل بک فاونڈیشن، دعوة اکیڈمی، انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی، یونیسف، گورنر پنجاب اور کئی اداروں سے انعامات و ایوارڈز حاصل کر چکے ہیں۔ حال ہی میں فروغ تعلیم کے لئے ان کی خدمات کے اعتراف میں ادارہ فروغ تعلیم پاکستان کی طرف سے گولڈ میڈل بھی دیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن