پاکستان کے خلاف دوسرے آپشنز استعمال کر سکتے ہیں: بھارتی ائرچیف کی دھمکی ‘ کسی چھیڑ چھاڑ کا موثر جواب دینگے: وائس ایڈمرل پاک بحریہ

Jan 13, 2013

 نئی دہلی (آن لائن) بھارتی ایئر چیف انیل کمار براﺅنی نے پاکستان کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزی جاری رہی تو دوسرے آپشنز پر غور کرینگے ۔ یاد رہے کہ پاکستان پر الزام لگایا گیا تھا کہ ضلع پونچھ کے سیکٹر مینڈھر میں پاکستانی فوجی دستوں نے فائرنگ کرکے دو بھارتی فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے۔ بھارتی ایئر چیف نے کیڈٹس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کی لائن آف کنٹرول ہے دونوں ملکوں کے درمیان سیز فائر معاہدہ ہوچکا ہے اور ہمارا اس بارے کچھ طریقہ کار ہے۔ ایک نظام کام کر رہا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فضائیہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو روز میں پاکستان مسلسل پانچ بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرچکا ہے۔ لائن آف کنٹرول پر موجودہ صورتحال ناقابل قبول ہے۔ ہم تمام صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ ادھر بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر ہمارے دو فوجیوں کی ہلاکت بارے کوئی مضبوط رد عمل سامنے نہیں آیا جبکہ اپنے فوجیوں کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے حوالے سے کسی دباﺅ میں نہیں آئیں گے۔ بھارتی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خارجہ سلمان خورشید نے کہا کہ ہمارے فوجیوں کی ہلاکت پر پاکستان کی جانب سے کوئی مضبوط ردعمل سامنے نہ آنا ناقابل قبول ہے اور ہمیں معاملے کی وضاحت چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات، سمجھداری اور معتدل رویہ کے متقاضی لیکن ہمیں یہ بھی نہیں سمجھ لینا چاہیے کہ کچھ بھی غلط نہیں ہونے جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمیں وہ کرنا ہوگا جو ہمارے ملک اور امن کے بہترین مفاد میں ہوگا، پاکستان کے ساتھ تجارت اور بس سروس کی معطلی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فیصلے کا انحصار اب پاکستان پر ہے اور خوش قسمتی سے ابھی مکمل طور پر ایسا کچھ نہیں ہوا بلکہ متعدد جگہوں پر بس سروس ابھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان نے دوبارہ ہماری فوجی چوکیوں کو نشانہ بنایا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائیگا۔ دونوں ممالک کی سرحدوں پر کشیدگی برقرار ہے، لائن آف کنٹرول پر فوجوں کو الرٹ ، چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔ تناﺅ کم کرنے کے لئے فلیگ میٹنگ کا انعقاد نہیں ہوسکا۔
 اورماڑا (نوائے وقت نیوز) وائس ایڈمرل محمد ذکاءاللہ نے کہا ہے کہ ہم اپنے دفاع کی پوری استطاعت رکھتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سانحہ مہران بیس میں2پی تھری سی اورین طیاروں کا نقصان ہوا۔ ان طیاروں کی جگہ نئے طیارے حاصل کئے جا رہے ہیں۔ ہر مشکل وقت میں پاکستان اور سعودی عرب دونوں برادر ملک ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔ ہمیں بھارت کی بحری تیاریوں پر کوئی تشویش نہیں۔ سرحدوں پر کسی بھی چھیڑ چھاڑ کا موثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ روایتی خطروں کے ساتھ دہشت گردی جیسے غیر روایتی خطرات کا سامنا ہے۔غیر روایتی دشمنوں سے بھی نمٹنے کی تیاریاں کرلی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بحریہ ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔

مزیدخبریں