کراچی (این این آئی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت کے خلاف کسی بھی سازش کو حکومت اتحادی ، سیاسی قوتوں اور عوام کے ساتھ مل کر ناکام بنا دے گی۔ نظام میں تبدیلی کی بات کرنے والے پہلے خود جمہوری عمل میں شامل ہوں اور پھر اصلاحات کریں۔ ملک میں جمہوری تسلسل کی مضبوطی کے لئے آئندہ انتخابات مقررہ وقت پر ہی منعقد ہونگے۔ انتخابات عوام کی امانت ہیں اور تبدیلی صرف عوام کے ووٹوں سے ہی آسکتی ہے۔ وہ ہفتے کو صدارتی کیمپ آفس بلاول ہاﺅس میں سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماءیوسف رضا گیلانی سے گفتگو کررہے تھے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال اور ڈاکٹر طاہر القادری کے لانگ مارچ کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ صدر نے کہا کہ جو آئین میں تبدیلی چاہتا ہے یہ تبدیلی پارلیمنٹ کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کی ذاتی خواہش پر حکومت قانون سازی نہیں کرے گی۔ صدر نے کہا کہ احتجاج کرنا تمام سیاسی قوتوں کو حق ہے لیکن قانون کی خلاف ورزی کی اجازت ہرگز کسی کو نہیں دی جائے گی اور جمہوریت کے خلاف سازش کرنے کی کسی کوشش کو بھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
عوام، اتحادیوں اور سیاسی قوتوں سے ملکر جمہوریت کے خلاف سازش ناکام بنا دیں گے: زرداری
Jan 13, 2013