لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سنیٹر مشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ اگر زرداری حکومت نے عوام کے مسائل کے حل پر توجہ دی ہوتی تو آج ملک میں مصنوعی انقلابیوں کی کوئی جگہ نہ بنتی۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی نے اپنی غلط ترجیحات اور واضح پالیسی نہ اپنا کر بلوچستان کے حالات پہلے سے زیادہ گھمبیر کر دیے۔ مشاہداللہ خان نے کہا کہ غیرترقیاتی اخراجات اور حکمرانوں کی عیاشیوں نے قومی خزانے کو 11کھرب اور 84ارب روپے کا ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ نام نہاد انقلابی ایک طرف انتخابات کی بات کر رہے ہیں دوسری طرف انتخابات کے ذریعے عوام کے سامنا کرنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص اپنی قائم این جی او کا تاحیات چیئرمین ہے اور جس نے اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں صرف اپنے اہلخانہ کی تقرریاں کر رکھی ہیں۔ اس سے بڑا آمر کون ہو سکتا ہے۔