لاہور+ اسلام آباد+ کراچی ( ایجنسیاں) ملک بھرمیں جشن عید میلاد النبی ﷺ کل منگل کو مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منایا جائےگا۔ مرکزی کمیٹی تقریبات عید میلاد النبی کے زیر اہتمام ملک بھر میںجشن عید میلاد النبی کے دس ہزار مرکزی جلو س نکالے جائیں گے جبکہ بیس ہزار مقامات پر سیرت النبی کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ جبکہ ہزاروں محافل بھی منعقد کی جائیں گی جس میں معروف نعت خواں ہدیہ نعت پیش کریں گے۔ جشن عید میلاد النبی کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی جبکہ اس روز کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کےلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ صرف صوبائی دارالحکومت لاہور میں پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروںکے 10ہزار اہلکار حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات ہوں گے۔ ملک بھر میں جشن عید میلادالنبی منانے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔ میلاد شریف کے جلوس کی گزرگاہیں برقی قمقموں سے سجا دیں گئیں، بازاروں کو انتہائی خوبصورتی سے سجانے کے علاوہ مختلف مقامات پر تزئین و آرائش سے آراستہ دروازے بنائے گئے ہیں۔ وفاقی اور صوبائی دارالحکومت کے اہم دفاتر کو بھی انتہائی خوبصورتی سے سجا دیا گیا ہے، میلادالنبی کی تیاریاں اور محافل کے انعقاد میں بڑے ہی نہیں بچے بھی جوش و خروش سے حصہ لے رہے ہیں، ہر عمر کے افراد چاہت کا والہانہ اظہار کر رہے ہیں، شمع رسالت کے پروانے ننھے منے بچے بھی گھروں اور محفلوں کو سجانے میں مگن ہیں۔
جشن میلادالنبی
جشن میلاد النبی کل مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائیگا‘ سیکورٹی انتظامات سخت
جشن میلاد النبی کل مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائیگا‘ سیکورٹی انتظامات سخت
Jan 13, 2014