لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان گزشتہ روز تحریک انصاف شعبہ خواتین لاہور کی صدر نیلم اشرف کی رہائش گاہ پر آئے اور اُن سے اُن کے صاحبزادے نعمان اشرف کے قتل پر اظہار افسوس کیا۔ تحریک انصاف لاہور کے صدر عبدالعلیم خان، رکن اسمبلی میاں اسلم اقبال، سیکرٹری اطلاعات لاہور فرخ جاوید مون اور اشتیاق ملک و دیگر اُن کے ہمراہ تھے۔ اِس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے پنجاب پولیس کی کارکردگی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور پولیس کی خراب کارکردگی کا ذمہ دار پنجاب حکومت کو ٹھہرایا جو سندھ کے بعد پنجاب پولیس کو سیاسی بنانے کی مرتکب ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا پولیس میں بھرتیاں میرٹ پر نہیں کی جا رہیں بلکہ پولیس کو اپنا نوکر بنا لیا گیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر سخت رنج کا اظہار کیا کہ مقتول نعمان کے پوسٹ مارٹم کے بغیر ہی اس کی موت کو خودکشی قرار دے دیا گیا۔ انہوں نے سوال کیا کیا خودکشی منگیتر سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے ہوتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ایس ایس پی کو برطرف کیا جائے۔ ڈرون حملوں اور دہشت گردی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا جان کیری سے میں نے کہہ دیا تھا ڈرون حملوں سے پاکستان کی تباہی ہو رہی ہے اور اُن سے دہشت گردی کم نہیں ہو رہی بلکہ اس میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ ڈرون حملوں سے نفرت بڑھتی ہے اور نفرت کے باعث دہشت گردی بڑھ رہی ہے اس طرح ڈرون حملوں کا فائدہ کم نقصان زیادہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا ڈرون حملوں پر سخت موقف سے پاکستان دنیا میں تنہا نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا ایک سال میں خیبر پی کے میں 172 حملے ہوئے جبکہ باقی تین صوبوں میں 103 حملے ہوئے۔ انہوں نے شہید طالب علم اعتزاز حسن کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا ڈرون حملوں سے انتہا پسندی بڑھ رہی ہے۔ ڈرون حملے رکنے تک نیٹو سپلائی بند رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا ہنگو میں خودکش حملہ میں جاں بحق ہونیوالے طالب علم اعتزاز حسن کے گھر کی ہم کفالت کرینگے۔ وزیراعلی خیبر پی کے کا اعتزاز کے گھر نہ پہنچنا مایوس کن ہے۔ اعتزاز نے بہادری کی مثال قائم کی۔ طالب علم اعتزاز حسن کی شہادت پر وزیراعلی خیبر پی کے پرویز خٹک کے ان کے گھر نہ جانے پر تحریک انصاف کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کا چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے نوٹس لے لیا ہے۔ عمران خان نے کہا خیبر پی کے حکومت کے ردعمل پر مایوس ہوا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہنگو میں سکول بچاتے ہوئے شہید ہونے والا اعتزاز قوم کا ہیرو ہے۔ افسوس خیبر پی کے حکومت نے واقعہ پر فوری ردعمل نہیں دیا۔ وزیراعلی خیبر پی کے پرویز خٹک کا رویہ مایوس کن ہے۔ عمران خان نے کہا امریکہ نے نیٹو سپلائی کھولنے کے حوالے سے کوئی رابطہ نہیں کیا، حکمران ڈالر کے پجاری ہیں لیکن خیبر پی کے میں نیٹو سپلائی اس وقت تک بند رہے گی جب تک امریکہ ڈرون حملے بند کرنے کی یقین دہانی نہیں کرا دیتا، پولیس کا نیلم اشرف کے صاحبزادے کے معاملے میں پوسٹمارٹم سے قبل واقعے کو خودکشی قرار دینا انتہائی افسوسناک ہے۔ وزیراعلی پنجاب واقعہ کا نوٹس لیں اور معاملے کی مکمل تحقیقات کرائی جائے۔
نئی دہلی (نوائے وقت نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے خواہش ہے جنوبی ایشیا میں سرحدوں کی پابندیاں ختم ہو جائیں، تحریک انصاف پاکستان کی واحد جماعت ہے جو ملک میں تبدیلی لا سکتی ہے۔ ایک بھارتی اخبار کو انٹرویو میں عمران خان نے مزید کہا پاکستانی نوجوان عام آدمی پارٹی جیسی تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان نرم ویزا پالیسی اختیار کی جائے۔ انہوں نے کہا دونوں ممالک میں تنازعات ختم ہو جائیں تو جنوبی ایشیا انقلابی خطہ بن سکتا ہے۔
عمران خان/ انٹرویو