نوشہرہ+ پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہماری حکومت صوبہ ہزارہ کے قیام کی خواہاں ہے۔ صوبہ ہزارہ کے قیام کیلئے کابینہ میں ایک کمیٹی بنائی گئی ہے۔ صوبہ ہزارہ کا مسئلہ اسمبلی میں اٹھائیں گے۔ وفاق کی مرضی صوبہ بنائے یا نہ بنائے۔ انہوں نے کہا سماج دشمن عناصر امن نہیں چاہتے ایسے حملوں کو حکومت پر حملہ تصور کیا جائیگا۔ پرویز خٹک نے امیر مقام کو ٹیلی فون کیا اور ان کی خیریت دریافت کی اور یقین دہانی کرائی کہ حملے میں ملوث ملزمان کا ہر صورت سراغ لگائیں گے، تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ علاوہ ازیں ہری پور میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پرویزخٹک نے اگلے مہینے مارچ سے طبقاتی نظام تعلیم ختم کر کے صوبہ بھر میں یکساں نظام تعلیم نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے وزیراعلیٰ نے پی ٹی آئی کے کارکنوں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں جس میں حقیقی معنوں میں لوگوں کو مقامی سطح پر بااختیار بنانے کا نظام متعارف کیا جا رہا ہے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ تحریک انصاف نے عام انتخابات میں تبدیلی لانے کا وعدہ کیا تھا اور تبدیلی گلی، نالی، سڑک، پل، ہسپتال اور سکول بنانے سے نہیں آئیگی بلکہ تب آئے گی جب ہم اس گلے سڑے اور فرسودہ نظام کو تبدیل کر غریب عوام کو لوٹ کھسوٹ اور ظلم و ناانصافی و استحصال سے نجات دلائیں گے۔ طبقاتی نظام تعلیم ختم کر کے امیر و غریب سب کے بچوں کیلئے یکساں نظام لاگو کریں گے جو معاشرے میں حقیقی معنوں میں پر امن انقلاب کی بنیاد ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مارچ و اپریل کے بلدیاتی الیکشن میں ہم نہایت طاقتور بلدیاتی نظام لا رہے ہیں جس میں تمام تر اختیارات اور فنڈز لوکل اور ویلج کونسلوں کے نمائندوں کے پاس ہوں گے، راشی و بد عنوان عملے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، ہم اپنے انتخابی وعدوں سے کسی قیمت پر بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔پرویز خٹک نے کہا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے وفاق ہمیں اعتماد میں نہیں لے رہا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی بات بالکل صحیح ہے وزراءکاوفد ہنگو جارہا ہے اور میں خود بھی اعتزاز کے گھر کا دورہ کروں گا۔ ہمیں وزیراعظم کا انتظار ہے کہ وہ کب مذاکرات کی بات کرتے ہیں یہ جنگ ہمیں بہت مہنگی پڑ رہی ہے۔ وزیراعظم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ امن کے لیے بات چیت کا عمل جلد شروع کریں۔ یہ درست ہے کیونکہ طالب علم اعتزاز قوم کا ہیرو ہے،وزراءاور ارکان اسمبلی کا وفد ہنگو روانہ کردیا، میں خود بھی بہت جلد ہنگو جاﺅں گا۔
پرویز خٹک