مریدکے (نامہ نگار) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ مایوسی کفر ہے، خدا کی رحمت سے ناامید نہیں ہونا چاہئے، ہمیں خراب حالات کا ادراک ہے، مشرف اور زرداری حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملکی حالات خراب ہیں لیکن وزیراعظم اور انکی ٹیم ملک کو بحران سے نکالنے میں سنجیدہ ہے۔ طالبان سے مذاکرات کامیاب ہوجاتے اگر امریکہ ڈرون حملوں کی پالیسی کو چھوڑ دیتا، طالبان ہم سے زورآور نہیں ہیں، ہمیں انکے آگے جھکنے کے طعنے دینے والوں نے ہی ملک کا بیڑہ غرق کیا ہے۔ مذاکرات اول حل، آپریشن آخری حل ہے۔ مشرف کا کیس عدالت کے سپرد ہے، جو فیصلہ عدالت کریگی قبول کرلیں گے۔ جنہوں نے مشرف کے دور میں موجیں کی ہیں انہیں مشرف کی صورتحال پر تکلیف تو ہورہی ہوگی۔ گیس بجلی بحران کے ساتھ دہشت گردی گھمبیر مسائل ہیں، ختم ہونے میں وقت لگے گا۔ اس امر کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائشگاہ مریدکے رانا ہاﺅس میں بلدیاتی امیدواروں اور میڈیا سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ بھارت محض گیدڑ بھبھکیاں لگا رہا ہے، ہم خدا کے فضل و کرم سے کمزور نہیں بلکہ دنیا کی مسلمہ چھٹی ایٹمی قوت ہیں، ہم کسی دہشت گرد کے ساتھ ہیں اور نہ ہی کسی کو پناہ دی ہے۔ ہمیں علم ہے کہ دہشت گردی کے تانے بانے ہمسایہ ملک سے ملتے ہیں۔
رانا تنویر حسین
دہشت گردی کے تانے بانے ہمسایہ ملک سے ملتے ہیں: رانا تنویر
دہشت گردی کے تانے بانے ہمسایہ ملک سے ملتے ہیں: رانا تنویر
Jan 13, 2014