لورالائی : ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملہ‘ سات اہلکار شہید جوابی فائرنگ میں کئی دہشت گرد زخمی

کوئٹہ + لورالائی (بیورو رپورٹ +نیوز ایجنسیاں) بلوچستان کے ضلع لورالائی کے علاقے میختر میں شدت پسندوں نے ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملہ کردیا جس کے باعث 7 اہلکار شہید ہوگئے، ایف سی کی جوابی کارروائی میں کئی حملہ آور زخمی ہوگئے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق تقریباً 40 سے 50 دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر راکٹوں اور خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ اس موقع پر سکیورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد حملہ آور زخمی ہوئے لیکن وہ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ڈیرہ غازی خان روڈ پر چچلو کی ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملے کے بعد سکیورٹی فورسز کی اضافی نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ سرچ آپریشن اور حملہ آوروں کا سراغ لگانے کے لئے ہیلی کاپٹر سے بھی مدد لی گئی۔ حملہ کے بعد اطراف کے علاقوں میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہو گئی ہے۔ ایف سی ذرائع کے مطابق ایف سی چیک پوسٹ پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی تعداد چالیس سے پچاس تھی۔ ذرائع کے مطابق ایف سی اہل کاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہبھی ہوا، جبکہ فائرنگ سے ایک ایف سی اہلکار زخمی بھی ہوگیا۔ شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدار افضل، حوالدار سمیع اللہ، سپاہی محمد رمضان، عتیق الرحمن، شاہد گل اور تصور حسین شامل ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق حملے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کرلی۔ دریں اثناءصدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف نے لورا لائی میں ایف سی چیک پوسٹ پر حملے کی مذمت کی۔ وزیراعظم نے شہید ایف سی اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردوں اور انتہا پسندی کو ملک سے ختم کرکے دم لیں گے۔ وزیر داخلہ چودھری نثار نے ایف سی چیک پوسٹ پر حملے کی شدید مذمت کی اور اس حملے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ایسے حملے جوانوں کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ تحریک انصاف کے رہنما عمران خان نے بھی لورا لائی میں ایف سی اہلکاروں پر حملے کی مذمت کی۔ عمران خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ عوام اور سکیورٹی اہلکار دہشت گردی کے نشانے پر ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف، چیئرمین سینٹ نیئر حسین بخاری، راجہ ظفرالحق، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وزیراعظم آزاد کشمیر سردار یعقوب، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، لیاقت بلوچ، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور دیگر رہنماﺅں نے بھی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ ادھر ڈیرہ بگٹی کے علاقے جوری میں بارودی سرنگ پھٹنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔بعدازاں پیر کے روز ضلع پشین سے پولیس کو دوران گشت ایک شخص کی نعش ملی جبکہ ضلع خضدار کے علاقے نال سے بھی پولیس کو ایک شخص کی نعش ملی، پولیس نے دونوں نعشوں کو قبضے میں لے کر خضدار اور پشین کے سول ہسپتال پہنچا دیا۔ علاوہ ازیں پاکستان کوسٹ گارڈز نے وندر بلوچستان میں کارروائی کرکے 52 غیر ملکیوں کو گرفتار کر لیا۔ ان میں 32 افغانی بھی شامل ہیں۔
چک پوسٹ پر حملہ


ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...