امریکی جنرل آسٹن کی وزیر دفاع اور آرمی چیف سے ملاقاتیں، فوجی تعاون پر بات چیت

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) امریکی سنٹرل کمان کے سربراہ جنرل لائیڈ آسٹن نے دوطرفہ فوجی تعاون اور خطہ میں سلامتی کے امور پر پاکستان میں اہم مذاکرات کئے ہیں۔ جنرل آسٹن نے وزیر دفاع خواجہ آصف، سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) عالم خٹک اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ امریکی جنرل کو باور کرایا گیا کہ خطے کا استحکام، پاکستان کے استحکام کے ساتھ منسلک ہے۔ آرمی چیف کے ساتھ ملاقات کے دوران دوطرفہ فوجی تعاون، خطہ میں سلامتی کی صورتحال اور اس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ لائیڈ آسٹن نے یادگار شہداءپر پھولوں کی چادرچڑھائی۔ دہشت گردی کے خلاف پاک افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپریشن ضر ب عضب کی کامیابیوں کو قدر سے دیکھتے ہیں، دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کی قربانیاں قابل قدر ہیں۔ محمد عالم خٹک نے کہا کہ افغانستان سے اتحادیوں کے انخلاءکے بعد پاکستان استحکام پیدا کرنے والے عناصر کا کردار ادا کرے گا۔ ہم جنوبی ایشیا کی سلامتی و استحکام کا محور ہیں۔ پاکستان کی اہمیت اور یہ حقیقت سمجھنے کی ضرورت ہے کہ خطے کی سلامتی و استحکام پاکستان کے استحکام کے ساتھ منسلک ہے۔ پاکستان نے پورے خلوص کے ساتھ افغانستان کو قیام امن میں مدد فراہم کی ہے۔ جنرل آسٹن نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے لئے پاکستان کے عوام اور مسلح افواج نے جو قربانیاں دی ہیں وہ ان کے معترف ہیں۔ انہوں نے سانحہ پشاور پر تعزیت کی۔ سیکرٹری دفاع نے ان سے کہا کہ پاکستان افغانستان اور اپنی سرحدوں پر امن کا خواہاں ہے اور دوست ملک ہماری مدد کریں۔

امریکی جنرل

ای پیپر دی نیشن