سیدنور کی اہلیہ، نوائے وقت کی کالم نگار، فلم رائٹر رخسانہ نورانتقال کر گئیں

لاہور (کلچرل رپورٹر) نوائے وقت کی کالم نگار، معروف شاعرہ، فلم رائٹر اور نغمہ نگار، فلم ڈائریکٹر، رائٹر سیدنورکی اہلیہ رخسانہ نور گزشتہ روز طویل علالت کے بعد انتقال کرگئیں ۔وہ عرصہ دراز سے کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا تھیں۔ ان کی عمر 60 برس تھی ۔ رخسانہ نورکی میت ڈیفنس کے ایک ہسپتال میں رکھ دی گئی ہے۔ تدفین بیٹیوں کی بیرون ملک آمد کے بعد ہفتے کے روز ہو گی، رخسانہ نورنے1980ءمیں ایک قومی روزنامہ سے اپنی عملی زندگی کا آغاز کیا، ان کا تعلق سیالکوٹ سے تھا،انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے صحافت کیا تھا۔ مرحومہ نے جن فلموں کی کہانی اور گیت لکھے ان میں ”چوڑیاں“، ”جھومر“، ”مجاجن“، ”لڑکی پنجابن“، ”دوپٹہ جل رہا ہے“، ”مہندی والے ہتھ“ اور ”سنگم“ شامل ہیں۔ بلاک بسٹر فلم ”چوڑیاں“ بطور رائٹر اور نغمہ نگار رخسانہ نور کی کامیاب ترین فلم تھی۔ ان کے فلمی گیتوں کی کتاب ”آپیار دل میں جگا“ کو بھی غیر معمولی مقبولیت حاصل ہوئی۔ انہوں نے اپنے پسماندگان میں تین بیٹیاں اور ایک بیٹا چھوڑا ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی کے ماس کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ میں وزیٹنگ فیکلٹی میں سکرپٹ رائٹنگ پڑھاتی رہیں۔ سیدنور کے ساتھ ان کی شادی 1984 میں ہوئی۔ رخسانہ نور نے سیدنورسے علیحدگی اختیار نہیں کی تھی تاہم وہ اکیلے رہتی تھیں۔ چیئرمین پی ٹی وی عطاالحق قاسمی، ڈاکٹر صغریٰ صدف، عرفان کھوسٹ، صوفیہ بیدار، پرویز کلیم، ریشم، راشد محمود، ڈائریکٹر حسن عسکری، مسعود بٹ، پرویز رانا، چودھری اعجاز کامران، فیصل بخاری، کیپٹن (ر)عطامحمدخان، نیلما ناہید درانی، وصی شاہ، جاویدرضا، جی ایم پی ٹی وی بشارت خان اور دیگر بہت سے لوگوں نے رخسانہ نورکے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔
رخسانہ انتقال

ای پیپر دی نیشن