کراچی(کرائم رپورٹر) رینجرز نے اسسٹنٹ رجسٹرار جامعہ کراچی عارف حیدر کو گرفتار کرلیا ۔عارف حیدر پر داخلہ پالیسی میں سیاسی اثر و رسوخ کی مداخلت کرنے کا بھی الزام ہے۔ انتظامیہ جامعہ کراچی کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے اسسٹنٹ رجسٹرار عارف حیدر کو ان کے آفس سے رینجرز کی جانب سے گرفتار کیا گیاہے‘ ذرائع کے مطابق عارف حیدر کو اے پی ایم ایس او لندن گروپ کو سپورٹ کرنے کے الزام میں حراست میں لیاگیا ہے جو جامعہ کراچی میں سیاسی سرگرمیاں چلارہا تھا۔ پاکستان رینجرز سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران ایک سیاسی جماعت کے کارکن سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ملزموں سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ ڈاکس پولیس نے سمندر میں وارداتیں کرنے والے گینگ سمیت کرمنلز کے خلاف کارروائیاں کیں اور ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ جبکہ کراچی کے علاقے نیو کراچی میں پولیس نے مقابلے کے بعد 2ڈاکوئوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ہے۔