پاکستان‘ کرغزستان کا دفاع‘ توانائی سمیت کئی شعبوں میں تعاون بڑھانے ‘ کاسا 1000 بروقت مکمل کرنے پر اتفاق

Jan 13, 2017

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں) پاکستان اورکرغیزستان نے تجارت، ٹیکسٹائل، دفاع، توانائی، بنکاری، تعلیم اور دوسرے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفا ق کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق ازبکستان کے وزیر معیشت ارزبیک کوشویوو کی سربراہی میںکرغیر وفد نے معاون خصوصی طارق فاطمی سے ملاقات کی۔ طارق فاطمی نے خطہ کو بحیرہ عرب کے ساتھ جوڑنے کے منصوبوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی جبکہ چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے اس سلسلہ میں ایک بریفنگ بھی دی۔ طارق فاطمی نے جرمن سفارت خانے کا دورہ کیا اور سابق جرمن صدر رومن ہرزوگ کی وفات پر تعزیتی کتاب میں تاثرات لکھے۔ انہوں نے پاکستانی قیادت کی جانب سے سابق جرمن صدر کے خاندان کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ این این آئی کے مطابق پاکستان کرغیزستان مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوا۔ دو روزہ تیسرے اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ محمد آصف اور کرغزستان کے وزیر توانائی آرزبیک اروزبیکوچ نے مشترکہ طور پر کی۔ دونوں وزراءنے مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کے اختتام پر سیشن کے پروٹوکول پر دستخط کیے۔ دونوں ممالک نے فیصلہ کیا کہ تجارت کے فروغ کے اداروں میں روابط کو مزید بہتر بنانے کے علاوہ مشترکہ تجارتی کونسل کو بھی فعال کیا جائے گا۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا دونوں ممالک کا صنعت سے متعلق مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کیا جائے گا اور اس کا پہلا اجلاس باہمی مشاورت سے جلد طے کیا جائے گا‘ اسی طرح ٹیکسٹائل مینوفیکچررز کے لئے مشترکہ منصوبہ بھی شروع کیا جائے گا۔ فریقین نے کھلاڑیوں اور تربیت دینے والوں کے تبادلوں میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔ اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کر تے ہوئے خواجہ آصف نے کہا دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم صرف 25 لاکھ ڈالر ہے جو موجودہ صلاحیت سے بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کاسا 1000کے ذریعے بجلی کی درآمد کے لئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ 2018ءتک توانائی کی قلت پر قابو پانے کی کوشش کی جائے گی تاہم لوڈشیڈنگ کا انحصار بجلی کے بلوں کی مد میں وصولیوں پر منحصر ہے‘ جن علاقوں میں وصولیاں 100 فیصد ہونگی وہاں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔ آن لائن کے مطابق پاکستان اور کرغیزستان نے تجارتی روابط بڑھانے اور مشترکہ بزنس کونسل کو دوبارہ متحرک کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ اجلاس کے دوران دونوں ممالک نے باہمی تعاون کے معاہدوں پر دستخط بھی کئے۔ اجلاس کے بعد دونوں ممالک کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا دونوں ممالک نے ٹیکسٹائل مینوفیکچرنگ کیلئے جوائنٹ وینچر پر بھی اتفاق کیا ہے اورکرغیزستان پاکستان سے سرجیکل، ٹیکسٹائل، چمڑے اور کھیلوں کی مصنوعات سمیت اشیا در آمد کرے گا جبکہ پاکستانی مسلح افواج کیلئے کرغیزستان سے اسلحہ کی خریداری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ اعلامیہ میں بتایا گیا دونوںممالک کے درمیان کاسا 1000 منصوبے کو بروقت مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ دونوں ممالک بینکنگ کے شعبے میں بھی تعاون بڑھائیں گے۔
پاکستان/کرغیزستان

مزیدخبریں