لاہور(خصوصی نامہ نگار) بلوچستان میں علیحدگی کی کوئی تحریک نہیں ہے، بلوچ عوام محب وطن ہیں،غلط فہمیاں ومنفی پروپیگنڈا ختم اور بلوچستان کو اپنا حق ملنا چاہئے، پاکستان اس وقت حالت جنگ میں ہے، بھارتی سازشیں ناکام بنانے کیلئے ملک میں اتحاد و یکجہتی کا ماحول پیدا کیا جائے گا۔ آج 12جنوری کو دھوبی گھاٹ گراﺅنڈ فیصل آباد میں بڑی کشمیر کانفرنس ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعة الدعوہ حافظ محمد سعید اور جمہوری وطن پارٹی کے چیئرمین شاہ زین بگٹی نے مرکز القادسیہ چوبرجی میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ پاکستان اس وقت دشمنوں کو کھٹک رہا ہے، ہم نے ملک کا دفاع کرنا ہے۔ اتحاد کی فضا بنانی ہے۔ دشمن کو ناکام کرنا اور بلوچستان کے مسائل حل کرنے کے لئے کردار ادا کرنا ہے۔ میں نے دورہ بلوچستان کے دوران شاہ زین بگٹی اور ان کی جماعت سے وعدہ کیا تھا کہ پاکستا ن کے کونے کونے میں جا کر بلوچستان کی محبت کا اظہار کروں گا۔ مل بیٹھ کر میڈیا کے سامنے و دیگر پروگراموں میں بلوچستان کے مسئلے کو پیش کریں گے۔ میں جب بلوچستان گیا تو ساری غلط فہمیاں دور ہو گئیں، علیحدگی کی کوئی تحریک نظر نہیں آئی۔ ہم حالت جنگ میں ہیں۔ ملک بھر میں مجھے اتنی محبت نہیں ملی جتنی کوئٹہ میں ملی۔ غلط فہمیوں اور منفی پروپیگنڈا کو ختم ہونا چاہئے اور بلوچستان کو اپنا حق ملنا چاہئے۔ شاہ زین بگٹی نے کہاکہ بلوچ محب وطن ہیں۔ ہم غلط فہمیوں کو دور کرنے میں کافی حد تک کامیاب ہوئے ہیں۔ حافظ محمد سعید نے یقین دہانی کرائی کہ ہر فورم پر بات کریں گے۔ بلوچ قوم اپنے وطن کے ساتھ ہے۔ پہلے بھی محب وطن تھے اب بھی ہیں۔ کشمیر کے مسئلہ پر حافظ محمد سعید کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ہم بلوچستان میں سی پیک سمیت تمام ترقیاتی منصوبوں کی حمایت کرتے ہیں تاہم اس میں گوادر کے مقامی لوگوں کو نظر انداز نہ کیا جانا چاہیے۔
حافظ سعید/ شاہ زین