نثار سے ڈی جی رینجرز سندھ کی ملاقات، کراچی کی صورتحال پر بریفنگ

لاہور + اسلام آباد (خصوصی رپورٹر + وقائع نگار خصوصی) وزیر داخلہ چودھری نثار نے ملک بھر میں تعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف جاری مہم تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے پولیس اور اینٹی نارکوٹکس فورس کی مدد سے منظم حکمت عملی کے تحت منشیات کی روک تھام اور نوجوان نسل کو اس دلدل میں دھکیلنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔ وقائع نگار خصوصی کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل سعید نے ملاقات کی۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق ملاقات کے دوران وزیرِداخلہ چودھری نثار نے میجر جنرل سعید کو بطور ڈی جی رینجرز سندھ تعیناتی اور ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ڈی جی رینجرز سندھ نے وزیرِداخلہ کو کراچی کی صورتحال کے بارے میں بریفننگ دی۔ وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا کراچی میں امن و امان کے قیام، شہریوں کو جان و مال کا تحفظ فراہم کرنے اور جرائم کی شرح میں کمی لانے میں رینجرز نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے رینجرز کی مکمل سپورٹ اور ہرممکنہ معاونت جاری رہے گی۔
وزیرداخلہ/ملاقات

ای پیپر دی نیشن