راولپنڈی(اے پی پی) پاک فوج کے سربراہ جنر ل قمر جاوید باجوہ نے مادر وطن کے لئے قربانیاں دینے والے فوجی افسروں اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے پاک فوج عظیم ادارہ ہے ‘ پاک فوج کے وقار اور ساکھ کو اپنے مخلصانہ کردار اورذمہ داریوں کے ذریعے برقرار رکھا جائے گا۔ وہ جہلم اور کھاریاں کے دورہ کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف کو سینٹرل کمانڈ ہیڈ کوارٹر میں پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی گئی ۔آرمی چیف نے پارہ رینج جہلم میں فائرنگ کے اختتامی مقابلوں کا مشاہدہ کیا ۔ ان مقابلوں میں 667 فوجیوں اور سویلین نے حصہ لیا ۔ یہ مقابلے چار ہفتوں پر محیط تھے ۔ ان مقابلوں میں جنگ کے دوران زخمی ہونے والے افسران اور جوانوں نے بھی خصوصی شرکت کی ۔ آرمی چیف نے شرکاء کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہماری ٹیم کو مزید محنت کر کے بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنی چاہیے۔آرمی چیف نے کھاریاں گریژن میں خطاب کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی بالخصوص آپریشن ضرب عضب میں بھر پور کردار ادا کرنے پر تعریف کی ۔
پاک فوج عظیم ادارہ‘ اس کی ساکھ کو برقرار رکھیں گے: آرمی چیف
Jan 13, 2017