اسلام آباد(وقائع نگارخصوصی) سینیٹ آف پاکستان اوراومان کی سٹیٹ کونسل کے مابین پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ تشکیل دینے اور بین الپارلیمانی روابط کو مزید فروغ دینے کےلئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کرنے پر اتفاق رائے ہوگیا ہے ۔ جس کا مقصد پارلیمانی تعاون کو بڑھانے اور اقتصادی شعبے میں باہمی تعاون کےلئے راہیں ہموار کرنا ہوگا۔ جمعرات کے روز چیئر مین سینیٹ میاں رضاربانی سے عمان کے سٹیٹ کونسل کے صدر ڈاکٹر یحییٰ محفوظ سالم المنتھری نے پارلیمنٹ ہاﺅس میںملاقات کی ۔ وفد چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی کی خصوصی دعوت پر پاکستان کے چار روزہ دورے پر ہے ۔ پارلیمنٹ ہاﺅس میں ہونے والی اس ملاقات میں سینیٹ میں قائد ایوان اعتزاز احسن ،جہاز رانی و بندرگاہ کے وفاقی وزیر سینیٹر میر حاصل خان بزنجو ، سینیٹر تاج حیدر، سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمال دینی ، سینیٹر باز محمد خان ، سینیٹر سیف اللہ مگسی اورسینیٹر غوث محمد نیازی کے علاوہ سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک بھی ملاقات میںموجود تھے ۔ چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے کہا کہ ددنوں ملکوں کے مابین گہرے ثقافتی ، تاریخی اور مذہبی تعلقات موجود ہیں ۔اور ہماری خواہش ہے کہ پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے انہیں مضبوط بنایا جائے ۔ میاں رضاربانی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کی گنجائش موجو دہے ۔ اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کےلئے قائم کی گئی کمیٹی کی تجدید کی ضرورت ہے ۔