مراعاتی پیکج تاریخی‘ برآمد کنندگان بھرپور استفادہ کریں: اسحاق ڈار

Jan 13, 2017 | 20:29

ویب ڈیسک

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت اعلیٰ، پائیدار اور مجموعی نمو کےلئے پُرعزم ہے، وزیراعظم کی جانب سے برآمدات کے فروغ کیلئے اعلان کردہ پیکیج ملکی تاریخ کا سب سے بڑا مراعاتی پیکیج ہے، برآمد کنندگان کو اس پیکج سے مکمل استفادہ حاصل کرنا چاہئے اسلام آباد میں وفاقی ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان کے صدر زبیر طفیل سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا پیکج کے تحت مالی سال 2017ءاور2018ءکے دوران ان برآمد کنندگان کو مراعات حاصل ہوں گی جن کی برآمدات رواں مالی سال کے مقابلہ میں 10 فیصد زائد ہوں گی۔ انہوں نے کہا یہ پیکج اس بات کا ثبوت ہے حکومت اعلیٰ، پائیدار اور مجموعی نمو کےلئے پُرعزم ہے، یہ پیکج برآمدات کے فروغ کےلئے محرک کا کردار ادا کرے گا جس سے اقتصادی نمو میں تیزی آئے گی۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر نے برآمد کنندگان کےلئے وزیراعظم کے مراعاتی پیکیج کی تیاری کے سلسلہ میں وزیر خزانہ کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کاروباری برادری اس پیکیج سے بہت خوش ہے ۔

مزیدخبریں