سیاستدان بدکردار ہوں تو قصور جیسے واقعات حیران کن نہیں : عائشہ گلالئی

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے کہا ہے کہ قصور میں 7 سالہ زینب کے ساتھ پیش آنیوالا واقعہ افسوسناک اور شرمناک ہے ٗ جس ملک کے سیاسی لیڈر اخلاقی طور پر بدکردار ہوں وہاں قصور جیسے واقعات حیران کن نہیں۔ویڈیو بیان میں عائشہ گلالئی نے کہا کہ میری اور قوم کی دعائیں زینب کے والدین کے ساتھ ہیں ٗ اللہ انہیں صبر دے، جبکہ ملک میں ایسے واقعات معمول بن چکے ہیں اور بدقسمتی سے اکثریت رپورٹ نہیں ہوتے۔عائشہ گلالئی نے کہا کہ جہاں سیاستدان گالی گلوچ اور خواتین کی عزت نہ کریں وہاں ایسے واقعات حیران کن نہیںجبکہ اس ملک میں لوگ اور چند میڈیا چینلز سیاسی لیڈروں کی بدکرداری کا دفاع کرتے ہیں۔عائشہ گلالئی نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے وہ اللہ پر ایمان رکھتا ہے اور مستقبل کی فکر نہیں اور اگر اللہ پر ایمان ہے تو عمران خان نجومیوں کی باتیں کیوں کرتے ہیں؟

ای پیپر دی نیشن