احتجاج کا خوف، ٹرمپ نے دورہ برطانیہ منسوخ کر دیا، تارکین وطن کو گھٹیا قرار دیدیا

Jan 13, 2018

واشنگٹن (بی بی سی+نوائے وقت) اطلاعات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غصے میں تارکینِ وطن کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے ہیں جس کے بعد اقوامِ متحدہ کے ترجمان نے صدر ٹرمپ کی مذمت کرتے ہوئے ان کے الفاظ کو حیران کن، شرمناک اور نسل پرستانہ قرار دیا ہے۔ امریکی صدر نے تارکینِ وطن کے حوالے سے ہونے والے مذاکرت کے دوران کانگریس ممبران سے پوچھا کہ ’ ہمارے ملک میں ان گھٹیا ممالک سے لوگ کیوں آ رہے ہیں۔‘ بتایا جا رہا ہے کہ صدر ٹرمپ ہیٹی، ایلسلواڈور اور افریقی ممالک کے بارے میں یہ الفاظ استعمال کیے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے صدر ٹرمپ کے اس بیان کی تردید بھی سامنے نہیں آئی ہے۔ تارکینِ وطن کے حوالے سے معاہدے پر بات چیت کے لیے جمعرات کو ڈیموکریٹ اور ریپبلیکن ارکانِ کانگریس نے صدر ٹرمپ کے دفتر میں ان سے ملاقات کی تھی جس کے دوران صدر ٹرمپ نے یہ متنازعہ بیان دیا۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کا ارکانِ کانگریس سے بات کر کہنا تھا کہ امریکہ کو ناروے جیسے ممالک سے تارکینِ وطن لینے چاہیے۔ اخبار کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’ ہمیں ہیٹی سے مزید افراد کی کیوں ضرورت ہے؟ انھیں باہر نکالو۔‘ ادھر وائٹ ہاوس کے ترجمان راج شاہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’واشنگٹن میں کچھ سیاستدان دوسرے ممالک کے مفادات کے لیے لڑتے ہیں جبکہ صدر ٹرمپ ہمیشہ امریکی لوگوں کے لیے لڑیں گے۔‘ اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے ترجمان روپرٹ کولوائل نے کہا ہے کہ ’ اگر یہ حیران کن اور شرمناک بیان امریکی صدر کی جانب سے دیا گیا ہے تو معاف کیجیے گا یہ سراسر نسل پرستی ہے۔‘ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا شایان شان طریقے سے استقبال نہ ہونے اور احتجاج کے خدشے کے پیش نظر دورہ برطانیہ منسوخ کردیا ہے۔ دی انڈیپنڈنٹ کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا دورہ اس وجہ سے منسوخ کیا کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ برطانیہ میں ان کا پرجوش استقبال نہیں کیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق امریکی صدر کی جگہ اب وزیر خاجہ ریکس ٹیلرسن برطانیہ جائیں گے۔دوسری طرف صدر بننے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کا پہلا میڈیکل آج ہو گا۔ صدر ٹرمپ کے تمام ٹیسٹ لئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں امریکی صدر نے کمال کر دیا۔ طیارے ابھی بنے بھی نہیں اور ٹرمپ نے بیچ بھی دئیے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے ناروے کو ایف 52 طیارے بیچنے کا دعویٰ کیا۔ طیاروں کا تصور ویڈیو گیم میں پیش کیا گیا۔ ناروے کی وزیراعظم بھی ساتھ کھڑی تھیں۔

مزیدخبریں