سرینگر(اے این این ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ،جھڑپوں میں متعدد زخمی،بیٹے کے بدلے باپ سمیت 2 گرفتار ،مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے اور جھڑپیں، بیگناہ افراد کی شہادتوں کے خلاف ہڑتال کے باعث کاروباری مراکز اور بازار بند رہے، حریت قیادت کا آج وادی میں ہمہ گیر ہڑتال کا اعلان ۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر بھارتی مظالم کیخلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے ۔ بھارتی فورسز نے گزشتہ روز سانبورہ گائوں کا اچانک محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی شروع کی جس دوران مکینوں کو باہر نکالا گیا۔ جوں ہی تلاشی کارروائیاں شروع ہوئیں تو نوجوانوں نے گائوں کا رخ کیا اور فورسز کارروائی میں رخنہ ڈالنے کی خاطر ہرطرف سے فورسز پر زبردست پتھرائو کیا۔ فورسز نے جواب میں آنسو گیس کے گولے داغے، ساتھ ہی پیلٹ کا بھی استعمال کیا۔ جس سے 3نوجوان زخمی ہو گئے جنہیں بعد میں علاج کے لئے ہسپتال پہنچایا گیا۔ جبکہ غیر مصدقہ اطلاع کے مطابق ایک نوجوان کو گرفتار بھی کیا گیا ۔ ادھر بھارتی مظالم اور شہری ہلاکتوں کیخلاف عوام بدستور سراپا احتجاج ہیں ۔گزشتہ 5روز میں بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے پانچ نوجوانوں کی یاد میں انت ناگ،کولگام،شوپیاں،بڈگام اور دیگر علاقوں میں تعزیتی ہڑتال رہی جس کے باعث کاروباری اور تجارتی مراکز بند رہے ۔کولگام ،کیموہ،کھڈونی ، دیوسر، پہلو ،حبلش اور دیگر جگہوں پر مکمل ہڑتال کے بیچ نوجوانوں کی ایک ٹولیاں کئی مقامات پر سڑ کوں پر نکل آ ئیں اور انہوں نے فورسز پر پتھرائوکیا۔ادھر شوپیاں میں ہڑتال کے دوران شدید جھڑپیں ہوئیں۔دریں اثناء مشترکہ مزاحمتی قیادت کی اپیل پر آج 13جنوری کو وادی میں ہمہ گیر پہیہ جام اور شٹرڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔