لاہور(سٹاف رپورٹر)ہمارا مذہب اور تہذیب و ثقافت امن، بھائی چارے، برداشت اور رواداری کا درس دیتے ہیں۔ معاشرے میں مثبت انداز فکر کی ترویج اور ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ادب بہترین سہارا ثابت ہو تا ہے۔ ہمارے بچے، طلباء و نوجوان ہمارا مستقبل ہیں جن کی آبیاری، تعلیم و تربیت پر تمام تر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ اساتذہ سے اپیل کرتاہوں کہ طلباء میں معتدل و متوازن انداز فکر کو عام کریں۔ ان کی راہنمائی کریں کہ کس طرح وہ معاشرے کے کارآمد رکن بن سکتے ہیں۔ قصور میں پیش آنے والا حالیہ واقع ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے اور ہمیں متحد ہو کر سوسائٹی کو ایسے سنگین خطرات سے چھٹکارا دلوانا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے گورنمنٹ کالج فار بوائز گلبرگ کے سالانہ مشاعرہ 2018سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملک کے نامور شعرائ، اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی۔