لاہور (نیوز رپورٹر) محکمہ زراعت پنجاب کی پہلی پاکستان ہارٹی ایکسپو 2018ء میں ملکی اور غیر ملکی صنعت کار ، کاشتکار، درآمد و برآمد کنندگان کی غیر معمولی دلچسپی سامنے آئی ہے۔ پاکستان ہارٹی ایکسپو کا انعقاد 13 اور 14 جنوری کو ایکسپو سنٹرجوہر ٹائون ، لاہور میں کیا جا رہا ہے۔ نمائش میں 40سے زائد مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ماہرین شریک ہو رہے ہیںجبکہ 100سے زائد مختلف سٹالز لگائے جارہے ہیں ، اس ہارٹی ایکسپو کے انعقاد سے جہاں ملکی ہارٹیکلچر کراپس اور ان کی مصنوعات کو دنیا بھر میں نئی منڈیاں ملنے کے امکانات روشن ہوں گے وہاں دنیا بھر کو پاکستان کے شعبہ زراعت کے متعلق آگاہی حاصل ہو گی۔ اس ایکسپو کا مقصد ہارٹیکلچر کراپس اور ان کی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ کرنااور شرکا کو جدید تحقیق بارے بھی معلومات فراہم کرنا ہے۔ دنیا کی 16بڑی کمپنیاں بھی اس ایکسپو میں شریک ہوں گی، نمائش میں پھلوں،سبزیوں اوران سے بنی مصنوعات کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا جائے گا۔