لاہور (اپنے نامہ نگار سے) محنت کش نے قصور میں معصوم بچی زینب کے بہیمانہ قتل اور تشدد کے خلاف یوم سوگ مناتے آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے زیراہتمام احتجاجی جلوس نکالا اور وفاقی و صوبائی حکومتوں سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان کے مستقبل کے معمار معصوم بچوں کو تشدد اور تعلیم سے محروم اور جبری محنت کی لعنتوں سے محفوظ کریں۔ قصور میں معصوم بچی زینب کے قاتلوں کو مثالی سزا دے کر کیفر کردار تک جلد پہنچائے۔ اس موقع پر بزرگ مزدور رہنما خورشید احمد جنرل سیکرٹری کنفیڈریشن نے کہا کہ اس وقت پاکستانی قوم زینب معصوم بچی کے بہیمانہ قتل اور تشدد پر غم و غصہ میں مبتلا ہے۔ انہوں نے قصور میں معصوم بچی زینب کے بہیمانہ قتل و تشدد پر ارباب اختیار کی ناکامی قرار دیتے ہوئے ملزمان کو جلد کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر ایک قرارداد کے ذریعے ملک میں ڈالر اور پٹرول کی قیمت میں اضافہ ہونے پر محنت کشوں اور غریب عوام پر مہنگائی کا طوفان مسلط ہونے پر حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک کی اشرافیہ طبقہ پر ٹیکس وصول کر کے غیرملکی قرضوں کے کھربوں روپے کے بوجھ اتارے۔