راولپنڈی( نیوزرپورٹر)قصور کے حالیہ واقعات انسانیت کا ضمیر جھنجھوڑنے کیلئے کافی ہیں قوم اس اندوہوناک واقعہ کی مذمت کرتی ہے حکومت عوام کے جان و مال ، عزت و آبرو کے تحفظ میں ناکام ہوچکی اور اقتدار میں رہنے کا جواز کھو چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء اور ترقی پسند فلاحی تنظیم کے صدر محمد عامر صدیقی نے سانحہ قصور میں معصوم ننھی کلی پر ہونیوالے ظلم و بربریت اورقتل کے خلاف گروٹی چوک کمال آباد میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں کیاانہوں نے سانحہ پر رنج و غم اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ یہ قصور میں رونما ہونیوالا پہلا واقعہ نہیں اس سے قبل بھی کئی واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔ مگر حکومت پنجاب اور سیکورٹی اداروں کی چشم پوشی کے باعث حالیہ واقعہ رونما ہوا ۔علامہ رضوان رضوی نے مظاہرے سے خطاب میں کہا کہ اس گھنائونے فعل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے سات سالہ زینب کو جس بربریت کا شکاراور قتل کیا گیا پولیس کے عدم تعاون پر زینب کے خاندان اور اہلیان قصور کا احتجاج فطری عمل ہے دوران احتجاج پولیس گردی کے شکار دو شہریوں کا جاں بحق ہونا افسوسناک امر ہے پولیس کی نہتے شہریوں پر فائرنگ نے ماڈل ٹائون کے دلخراش سانحہ کی یاد تازہ کر دی علامہ قاری ریشم چشتی نے مظاہرین سے خطاب میں کہا کہ حکومت کی جاتی امراء اور VVIP کے تحفظ کیلئے تو سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال سب پر عیاں ہے جبکہ عام عوام کو دہشتگردوں اور انسان نما جانوروں کے سپرد کر رکھا ہے حکومت نے روش نہ بدلی اور مظلوموں کو انصاف نہ دیا تو کہیں کسی غریب کی آہ اور عرش والے کے انصاف سے ظالم و جابر بچ نہ پائیں گے مظاہرین سے علامہ ابرار احمد نقشبندی، صوفی محمد سلیم، حاجی کبیر ، تنویر میراور چوہدری غضنفر بیگ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔