اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) پاکستان بلیرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن (PBSA)کے زیراہتمام، پاکستان سپورٹس بورڈ اور جوبلی انشورنس کے تعاون سے جوبلی انشورنس 10ویں قومی جونیئر انڈر21-سنوکر چیمپئن شپ 2018ء آج ہفتہ کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے سنوکر ہال میں شروع ہو گی۔ جمعہ کی صبح پنجاب، سندھ خیبر پختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد سے اپنی اپنی صوبائی چیمپئن شپس سے کوالیفائی کرنے والے 34 کھلاڑیوں نے پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں رپورٹ کر دی اور اس کے بعدپی بی ایس اے کے ڈائریکٹر ٹیکنیکل نوید کپاڈیہ کے ساتھ میٹنگ میں شرکت کی۔ اس کے بعد چیمپئن شپ کے ڈراز نکالے گئے جس کے مطابق 34 کھلاڑیوں کو آٹھ مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔نوید کپاڈیہ نے میڈیا کو بتایا کہ ہفتہ سے لیگ رائونڈ کے میچز چار مختلف سیشنز میںصبح دس بجے، ساڑھے گیارہ بجے، دو بجے اور ساڑھے تین بجے سہ پہرکھیلے جائیں گے۔ چیمپئن شپ کے لیگ رائونڈ کے اختتام پر ہر گروپ سے دو، دو کھلاڑی پری کوارٹر فائنل ( ناک آئوٹ رائونڈ)کیلئے کوالیفائی کریں گے۔ کوالیفائنگ رائونڈ (لیگ رائونڈ)بیسٹ آف فائیو، پری کوارٹر فائنلز اور کوارٹر فائنلز بیسٹ آف سیون، سیمی فائنلز بیسٹ آف نائن جبکہ فائنل بیسٹ آف الیون فریمز پر مشتمل ہو گا۔