گوجرانوالہ: شہبازشریف ویلکم ریلی میں کارکن زینب کی تصویر والے بینر اٹھا کر بھنگڑا ڈالتے رہے

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)مقامی لیگی قائدین کی طرف سے شہباز شریف ویلکم ریلی کو مقتولہ زینب کے خاندان سے اظہار یکجہتی میں تبدیل کرنے کی کوشش پر کارکنان نے پانی پھیر دیا ‘ زینب کی تصویروں والے بینرز اٹھائے قائدین کے پیچھے چلنے والے کارکنان ڈھول کی تھاپ بھنگڑا ڈالتے اور شریف خاندان کے نعرے لگاتے رہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے عزیز کراس فلائی اوور کے افتتاح کیلئے گوجرانوالہ آنا تھا مگر سانحہ قصور کی وجہ سے یہ پروگرام منسوخ کردیاگیا ۔ لیگی قائدین نے ایک روز قبل اعلان کیاکہ وزیراعلی کا پروگرام اگرچہ منسوخ ہوچکا مگر ہم ان کے 19 جنوری کے دورے تک روزانہ ویلکم شہباز شریف ریلی نکالیں گے۔ اس سلسلہ میں جمعۃالمبارک کو ایم پی اے توفیق بٹ اور ایم این اے شازیہ سہیل میر کی قیادت میں شہباز شریف ویلکم ریلی نکالی گئی لیکن عوامی ہمدردیاں حاصل کرنے کیلئے اس ریلی کومقتولہ بچی زینب کے والدین سے اظہار یکجہتی کا نام دیاگیا۔ کارکنان نہ صرف میاں برادران کی تصاویر والی شرٹس پہنے ہوئے تھے بلکہ باقاعدہ گاڑی میں ڈیک لگا کر اور ڈھول بجا کر پارٹی ترانوں پر بھنگڑے ڈالتے رہے ۔

ای پیپر دی نیشن