اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ ) وزیر مملکت داخلہ شہریارآفریدی کی جامعہ اسلام آباد آمد،اساتذہ وطلباء سے خصوصی ملاقات کی۔ وزیر مملکت داخلہ کا کہنا تھا کہ دینی مدارس کے طلباء ملک وملت کاروشن مستقبل ہیں مدارس کو ،قومی دھارے میں لاکرباوقاربناناچاہتے ہیں۔ وزیر مملکت داخلہ شہریارآفریدی نے کہا کہ دینی مدارس کے طلباء ملک وملت کا سرمایہ اور روشن مستقبل ہیں ،دینی مدارس کے طلباء کو قومی دھارے میں لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کے طلباء کامستقبل پرامن اور محفوظ بنانا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہل سنت جامعہ اسلام آباد آمد پر اساتذہ اور طلباء سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جامعہ اسلام آبا دکے پرنسپل وشیخ الحدیث ڈاکٹر محمد ظفراقبال جلالی سے بھی ملاقات کی۔ شہریارآفریدی نے جامعہ اسلام آباد میں ڈاکٹر محمد ظفراقبال جلالی کی امامت میں نماز ادا کی۔ان کا مزید کہناتھا کہ جامعہ اسلام آباد کا تعلیم وتربیت کا نظام حوصلہ افزاء ہے۔ انہوں نے جامعہ اسلام آباد کی کارکردگی کو سراہا ،ڈاکٹر محمد ظفراقبال جلالی نے جامعہ اسلام آباد آمد پر وزیر مملکت داخلہ شہریارآفریدی کا شکریہ اداکیا اوران کے پاکیزہ اور نیک خیالات کو سراہا۔