ملتان (نامہ نگار خصوصی) برصغیر پاک و ہند کے روحانی پیشوا حضرت شاہ رکن الدین عالم ؒملتانی کے 705واں تین روزہ تقریبات ہفتے کی صبح ملتان میں شروع ہو گئیں سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود حسین قریشی نے مزار مبارک کو غسل دیکر اور پھولوں کی چادر چڑھا کر عرس کی تقریبات کا باقاعدہ افتتاح کیا اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے بعد ازاں مزار مبارک کے احاطے میں منعقدہ قومی شاہ رکن عالم کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ معاشرہ میں امن‘ رواداری اور بھائی چارہ کا فروغ موجود حالات کی اہم ضرورت ہے اور ہمیں صوفیاء کے نقش قدم پر چلتے ہوئے معاشرتی بھلائی کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہئے انہوں نے کہا کہ بزرگان دین کی تعلیمات پر عملک ر کے معاشرے کو امن اور محبت کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔ کانفرنس میں نقابت کے فرائض ڈاکٹر صدیق خان قادری نے انجام دیئے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا پاکستان کو اس وقت بہت سے اندورنی و بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے اور عوام کو تقسیم کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں تاہم پاکستانی قوم ایمان کی طاقت اور اولیاء اﷲ کے فیضان کے سبب ان چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی نے کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بزرگان دین کے مزارات پر حاضری دے کر لوگوں کو روحانی آسودگی ملتی ہے اور وہ اپنی روح کی تسکین اور دکھوں سے نجات کے لئے ان مزارات پر حاضری دیتے ہیں پروفیسر ڈاکٹر قمر سلطان نے اپنے خطاب میں برصغیر پاک و ہند میں اسلام کی ترویج کے سلسلے میں سلسلہ سہروردیہ کی خدمات اور حضرت شاہ رکن الدین عالم کی سیرت و کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ علامہ حافظ فاروق خان سعیدی نے اپنے خطاب میں حضرت شاہ رکن الدین عالم کو آسمان تصوف کا درخشندہ ستارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے روحانی فیض کا ڈنکا آج بھی پوری دنیا میں بج رہا ہے علامہ ڈاکٹر صدیق قادری نے اپنے خطاب میں سلسلہ سہروردیہ کے بزرگان کی تبلیغ اسلام کے ضمن میں خدمات کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا ہندوستان‘ مشرق وسطیٰ‘ افغانستان اور افریقہ تک اسلام کے پھیلاؤ میں اس سلسلہ کے بزرگان کا کردار رہا ہے صاحبزادہ سلطان احمد علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تصوف کی بنیاد قرآن و سنت پر رکھی گئی ہے صوفیاء کرام نے ہمیشہ انسانیت کی بھلائی کا درس دیا۔ چیئرمین شعبہ اسلامیہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر سلطان شاہ نے بھی حضرت شاہ رکن الدین عالم اور سلسلہ سہروردیہ کی دینی خدمات کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ کانفرنس سے پروفیسر ڈاکٹر سلطان شاہ‘ پروفیسر ڈاکٹر محمد حسین آزاد‘ کنور سلطان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
حضرت شاہ رکن عالمؒ کی عرس تقریبات شروع‘ شاہ محمود نے مزار کو غسل دیا
Jan 13, 2019