کراچی (این این آئی) وزیر مملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی عوام کو روٹی ،کپڑا اور مکان دینے کا صرف دعویٰ کرتی رہی ہے ،ہماری حکومت نے سندھ سمیت ملک بھر میں پناہ گاہیں قائم کرکے ذوالفقار علی بھٹو کے نعرے کو عملی شکل دی ہے ۔ہمار ی پانچ ماہ کی حکومت سے ستر سال کا حساب مانگاجارہا ہے ۔ عوام کو جوابدہ ہیں لیکن ہم سے پانچ سال بعد جواب مانگا جائے ۔عمران خان کسی غریب کو بے گھر نہیں کرنا چاہتے ۔وزیراعظم نے واضح احکامات دیئے ہیں کہ جب تک سرکاری زمینوں پر رہائش پذیر غریب افراد کو متبادل رہائش فراہم نہ کردی جائے اس وقت تک انہیں وہاں سے بے دخل نہیں کیا جائے گا ۔سابق ناظم مصطفی کمال نے غلط منصوبہ بندی کی وجہ سے کراچی کے ماحول کو تباہ کردیا ۔ہم ماحول میں بہتری کے لیے سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے ہفتہ کو کراچی پریس کلب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔زرتاج گل نے کہا کہ پوری دنیا کو اس وقت ماحولیاتی تبدیلی کا چیلنج درپیش ہے ۔ماضی میں پاکستان کی حکومت نے اس اہم مسئلے کی طرف توجہ نہیں دی ۔عمران خان پہلے سیاست دان تھے جنہوںنے اس مسئلے کی نزاکت کو سمجھا اور خیبرپختونخوا میں بلین ٹری منصوبے کا آغاز کیا ۔اب ملک بھر میں بلین ٹری منصوبے کے تحت درخت لگائے جارہے ہیں جس کے لیے مختلف کمیونی ٹیز اور ادارے حکومت کے ساتھ تعاون کررہے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ کراچی میں بوہرہ کمیونٹی نے کراچی حیدرآباد موٹروے کے روٹ پر درخت لگانے کی پیشکش کی ہے اس کے ساتھ ہی سائٹ انڈسٹریل ایسوسی ایشن نے بھی لیاری ایکسپریس وے پر شجرکاری کرنے کی حامی بھر ی ہے۔ معروف عالم دین مفتی نعیم نے وعدہ کیا ہے کہ وضو کے لیے استعمال کیے جانے والے پانی کو ہم محفوظ کرکے پلانٹیشن کے لیے استعمال کریں گے ۔زرتاج گل نے کہا کہ کراچی کے سابق ناظم مصطفی کمال نے اپنے دور نظامت میں ایسے درخت لگائے جو زمین کا پانی جذب کرلیتے تھے ،اس کی وجہ سے شہر میں پولر انرجی پھیلی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوںنے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے چیف سیکرٹری سندھ سمیت دیگر حکام سے بات چیت ہوئی ہے اور انہوںنے ہمیں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں زرتاج گل نے کہا کہ پرانی اور نئی ایم کیو ایم میں بہت زیادہ فرق ہے ۔ایم کیو ایم پاکستان ہماری اتحاد ی جماعت ہے اور ملک کی بہتری کے لیے تحریک انصاف کے ساتھ تعاون کررہی ہے۔
ہماری 5ماہ کی حکومت سے ستر سال کا حساب مانگا جارہا ہے، زرتاج گل
Jan 13, 2019